QR CodeQR Code

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتا رہے گا، صدر عارف علوی

2 Sep 2019 23:43

جنگی مشق کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے عوام کی خوشحالی بحری تجارتی راستوں کے کھلے رہنے پر منحصر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتا رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیرِ بحر VII اور لاجسٹک مشق ترسیل بحر II کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایسے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جو اجتماعی قومی انداز فکر کے متقاضی ہیں۔ صدر مملکت نے سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی فعالیت کے پس منظر میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر خصوصی طور پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے عوام کی خوشحالی بحری تجارتی راستوں کے کھلے رہنے پر منحصر ہے، کیونکہ پاکستان کی معاشی بہتری سمندروں کے تجارتی استعمال سے وابستہ ہے اور اس ضمن میں پاک بحریہ پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35A کے غیر قانونی خاتمے کے حالیہ یکطرفہ فیصلے سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں شدید بے چینی ہے، بلکہ پاکستان کو بھی اس عمل پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتا رہے گا اور تمام ممکنہ حد تک سیاسی اور سفارتی محاذ پر اس کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔ افتتاحی تقریب میں افواج پاکستان کے اعلیٰ حکام، بیوروکریٹس اور وفاقی وزارتوں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 814152

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814152/پاکستان-مقبوضہ-کشمیر-میں-بھارتی-جارحیت-بے-نقاب-کرتا-رہے-گا-صدر-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org