0
Tuesday 3 Sep 2019 07:33

یورپی پارلیمنٹ ممبران کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش

یورپی پارلیمنٹ ممبران کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے امور خارجہ میں کشمیر کی صورتحال پر بحث ہوئی، یورپی پارلیمنٹ کے ممبران نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فیصلے کی مذمت کی ہے اور وادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر ان کیمرہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ایک ماہ سے جاری کرفیو اور ذرائع ابلاغ پر لگی بندشوں کی مذمت کی گئی۔ تمام اراکین نے یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی مسئلہ کشمیر کے ایشو کو اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب بھارتی نژاد برطانوی رکن یورپی پارلیمنٹ نینا گِل ساری کارروائی کی مخالفت کرتی نظر آئی لیکن کسی نے ان کی ایک نہ سنی۔ کمیٹی ارکان نے وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرنے کے بعد ایم ای پی نے 28 روز سے جاری کرفیو پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ تمام ارکان نے پارلیمانی سیشن میں کشمیر کا معاملہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔

ادھر برسلز میں پاکستانی ایمبیسی نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد یورپی پارلیمنٹ میں بحث ہوئی، میٹنگ ان کیمرہ تھی جس میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی، خطے کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممبران نے اتفاق کیا کہ بھارتی اقدامات سے کوئی بڑا انسانی المیہ سر اٹھا سکتا ہے۔

اجلاس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے یورپی یونین اجلاس کا پہلا سیشن تھا۔ یورپی یونین کا یہ اجلاس بہت بڑی کامیابی ہے۔ بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرنا ہو گا۔ بہادر کشمیریوں کی دلیرانہ جدوجہد جاری ہے۔ عالمی برادری نے کشمیریوں کی آواز سننا شروع کر دی ہے۔ مسئلہ حل نہ ہوا تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ یورپی پارلیمنٹ نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ تشویش اور اجلاس ہماری بڑی کامیابی ہے۔
خبر کا کوڈ : 814165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب