0
Tuesday 3 Sep 2019 11:41

اسلام قتال سے پرہیز اور امن کے قیام کا درس دیتا ہے، امن سیمینار

اسلام قتال سے پرہیز اور امن کے قیام کا درس دیتا ہے، امن سیمینار
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام چوک دالگراں لاہور میں”امن سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت امیر جماعت حافظ عبدالغفار روپڑی نے کی۔ سیمینار میں خواجہ معین الدین، مفتی سید عاشق حسین، مولانا مخدوم عاصم، حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا حافظ زبیر ورک، علامہ غلام عباس شیرازی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا عبدالغفور مدنی، مولانا شاہد جانباز سمیت مختلف مسالک، مذاہب اور مکاتب فکر کے قائدین نے شرکت کی۔

شرکاء نے اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اسلام اور پاکستان دونوں کیلئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتی ہے، فرقہ واریت کے ناسور نے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچایا، وطن عزیز اس وقت انتہائی نازک ترین صورتحال سے گزر رہا ہے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ چاروں اطراف سے پاکستان اور اسلام کے دشمن مذموم کارروائیوں میں مصروف ہیں، ایسی صورتحال میں پاکستان کسی قسم کی فرقہ واریت یا اندرونی خلفشار کا متحمل ہر گز نہیں ہو سکتا، دین اسلام خالصتاً سلامتی اور امن کا درس دیتا اور جنگ و قتال سے پرہیز کا حکم دیتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی جیسے سنگین مسائل کے باعث وطن عزیز اب تک ناقابل تلافی نقصان اٹھا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمی اختلافات کو قتل و قتال میں تبدیل کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، وطن عزیز گزشتہ کئی برس سے مسلسل سیاسی بحران کا شکار ہے، سیاسی انتشار کے باعث ملک کا قومی مفاد بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر منقسم کرکے خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے خدشے کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

حافظ عبدالغفار روپڑی نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن، برداشت، اتحاد امت اور اخوت پر مبنی معاشرے کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کی یلغار کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ضروری ہے کہ ہم پکے سچے پاکستانی ہونے کا حق ادا کریں اور باہمی اختلافات و انتشار کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی سرحدوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔ اس موقع پر انہوں نے ملک میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے افواجِ پاکستان کی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 814214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش