QR CodeQR Code

پی ٹی آئی باکردار لوگوں کو سامنے لائے تو انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے، سید علی رضوی

3 Sep 2019 11:49

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سید جعفر شاہ سے ملاقات میں آئندہ عام انتخابات کے بارے میں بہت سارے معاملات طے پا گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل سید علی رضوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف الیکشن میں باکردار لوگوں کو سامنے لائی تو انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سید جعفر شاہ سے ملاقات کے دوران قانون ساز اسمبلی کے آئندہ الیکشن کے بارے میں بہت سارے معاملات طے پا گئے ہیں، الیکشن میں پڑھے لکھے باکردار، دیانتدار اور باضمیر لوگوں کو آگے لانے پر مکمل طور پر اتفاق ہوگیا ہے، ہمارے تحفظات دور کئے گئے تو انتخابی اتحاد کامیاب ہوسکتا ہے اور کئی حلقوں میں سیٹ ایڈجسمنٹ بھی ہوگی، سید جعفر شاہ نے ملاقات کے دوران علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے تعاون کی درخواست کی تو ہم نے ان سے کہا کہ آپ اچھے لوگوں کو سامنے لائیں، باکردار لوگوں کو سامنے لائیں، ہم ملکر چلنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سے یہ بھی کہا کہ ہم لوٹا کریسی کی سیاست کی بھی بھرپور مخالفت کریں گے، سید جعفر شاہ اور پی ٹی آئی کے دیگر قائدین نے ہماری تمام باتوں سے مکمل اتفاق کیا اور ملکر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں اتحاد ہوگا، بشرطیکہ پی ٹی آئی والے ہمارے تحفظات دور کریں، ہم نے پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سے یہی کہا ہے کہ وہ صاف ستھرے لوگوں کو سامنے لائیں، کیونکہ خطہ مزید کسی قسم کی کرپشن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔


خبر کا کوڈ: 814218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814218/پی-ٹی-ا-ئی-باکردار-لوگوں-کو-سامنے-لائے-انتخابی-اتحاد-ہوسکتا-ہے-سید-علی-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org