0
Tuesday 3 Sep 2019 18:30

حق کے غلبہ و ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، محمد حسین محنتی

حق کے غلبہ و ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حق کے غلبہ اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، آج کشمیر سے لیکر افغانستان تک یزیدیت کے پیروکاروں نے کربلا برپا کر رکھی ہے، حکومت و علمائے کرام محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مسالک کے مابین ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ اغیار کی سازشوں اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی و مفاد پرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج پوری دنیا میں خون مسلم پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے، اسرائیل نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس پر قابض ہو کر فلسطینی عوام کیلئے زندگی تنگ کر دی ہے، بھارت نے وادی کشمیر میں 29 دن سے کرفیو لگا کر ظلم و بربریت کی تمام حدیں پھلانگ دیں ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ جنت نظیر وادی جہنم اور اس وقت دنیا کے سب سے بڑے قید خانے میں بدل دیا ہے، جس پر انسانی حقوق کے علمبردار اور عالمی ضمیر کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ حق و باطل کا معرکہ شروع سے جاری ہے، ان شاءاللہ فتح حق کی ہوگی، شکست، ذلت و رسوائی یزید کے پیروکاروں کا مقدر اور فتح حسینیت کے قافلے کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت امام حسینؑ عالی مقام کے حق و سچ، ایثار و قربانی صبر و استقامت کے پیغام کو عام کیا جائے، تاکہ حق و سچ کا بول بالا اور دنیا امن و سلامتی کا مرکز بن جائے۔
خبر کا کوڈ : 814283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش