QR CodeQR Code

عالمی بینک کا پاکستان میں سموگ کے خاتمے میں تکنیکی اور مالی تعاون کا اعلان

3 Sep 2019 20:31

ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کا دورہ کیا اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے کیے گئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور اپنے ادارے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


اسلام ٹائمز۔ عالمی بینک پاکستان میں سموگ کے خاتمے اور ایکوسسٹم کی بحالی میں تکنیکی اور مالی امداد کرے گا۔ ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان پاچاموتھو الانگوون نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم خان سے ایک ملاقات میں کیا۔ ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پاکستان نے بروز سوموار وزارت موسمیاتی تبدیلی کا دورہ کیا اور اس سلسلے میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مسٹر الانگو نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے کیے گئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور اپنے ادارے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں سموگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ وفاقی مشیر نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ماحولیات صوبائی سبجیکٹ ہے تاہم وفاقی حکومت صوبوں کے استعداد بڑھانے اور دیگر معاملات میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے عالمی بینک کے سربراہ کو ایکو سسٹم ریسٹوریشن فنڈ سے متعلق بھی آگاہ کیا کہ کس طرح موجودہ حکومت ماحول کی حفاظت اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات میں اسلام آباد شہر میں پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی  اور کراچی شہر کو درپیش ماحولیاتی مسائل بھی زیر بحث آئے۔


خبر کا کوڈ: 814311

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814311/عالمی-بینک-کا-پاکستان-میں-سموگ-کے-خاتمے-تکنیکی-اور-مالی-تعاون-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org