0
Wednesday 4 Sep 2019 11:20

مقبوضہ کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ بحال کیا جائے، راجہ فاروق

مقبوضہ کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ بحال کیا جائے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ یورپی یونین بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے، مقبوضہ کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ بحال کیا جائے، مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کو باہر نکالا جائے۔ پاکستان کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بات کرتا ہے جبکہ ہندوستان جابرانہ طور پر اسے اپنا حصہ بنانا چاہتا ہے۔ خوشی ہے کہ یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے نئے پارلیمانی سال کے پہلے ہی دن مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا۔ مودی حکومت تاریخ کو جھٹلا کر طاقت کے زور پر کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتی۔ یہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان زمین کے ٹکڑے کا تنازع نہیں بلکہ کشمیریوں کے جمہوری حق اور دنیا میں تسلیم شدہ تنازعے کا مسئلہ ہے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرے۔ برسلز میں اقوام متحدہ کے نمائندے اور یورپی حکام کو مقبوضہ کشمیر صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے فوری کرفیو ختم کیا جائے، کشمیریوں کو غذائی اجناس اور ادویات تک رسائی دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین پریس کلب برسلز میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید اور یورپی ممبران پارلیمنٹ شفق محمد اور فل بینن و دیگربھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کرفیو کے باوجود اپنا خون دیکر آزادی کی شمع بھجنے نہیں دے رہے۔ کشمیریوں کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ اسی لیے پاکستان نے اسے ایک متنازع علاقہ سمجھا اور ہمیشہ استصواب رائے کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یورپین قیادت سمیت عالمی ضمیر کو جھجھوڑنا ہے اور ہمیں اپنے تمام سیاسی اور نظریاتی اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا ہو گا۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ممبر یورپین پارلیمنٹ شفق محمد نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔ ایم ای پی فل بینن نے کہا کہ کشمیری عوام کا محاصرہ ختم کیا جائے اور ان کے حقوق بحال کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 814374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش