QR CodeQR Code

آزادی کی تمنا کشمیریوں کے خون میں رچی بسی ہے، مسعود خان

4 Sep 2019 12:07

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی اور ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کو صرف مسلمانوں کا دشمن سمجھنا سنگین غلطی ہو گی وہ امن کے دشمن اور جنگ کے پر چارک ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادی کی تمنا کشمیریوں کے خون میں رچی بسی ہے۔ وہ دو سو سال سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جو مہاراجہ کے سامنے جھکے اور نہ ہی بھارت کے آگے گھٹنے ٹیکیں گے۔ دنیا اگر ہٹلر اور اندریا مسولینی کے پیروکاروں اور بوسنیا کی جنگ کے دوران جنگی جرائم کا مجرم راتکو ملاڈچ کے لیے عدالتیں قائم کر کے سزائیں دے سکتی ہے تو مودی کے لیے ایسا کیوں نہیں ہو سکتا ہے۔ مودی، ہٹلر، مسولینی اور ملاڈچ سے بڑا دہشت گرد اور فاشسٹ ہے جو مسلمانوں کا دشمن اور قاتل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال لاہور میں کشمیر ہیومن رائٹس ویلینٹیرز کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر محمد علی درانی اور دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ نریندر مودی اور ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کو صرف مسلمانوں کا دشمن سمجھنا سنگین غلطی ہو گی وہ امن کے دشمن اور جنگ کے پر چارک ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو اس سے صرف جنوبی ایشیاء، پاکستان اور کشمیری ہی متاثر نہیں ہوں گے بلکہ دنیا کی اڑھائی ارب انسان براہ راست متاثر ہوں گے۔ ہم بھارت کی سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مودی اور آر ایس ایس کی فاشسٹ پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا وزیر داخلہ پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دیتا ہے اور خود نریندر مودی کہتا ہے کہ ہم نے جوہری ہتھیار دیوالی کے پٹاخے چلانے کے لیے نہیں بنائے ہیں۔ یہ سوچ بھارت کے شہریوں کے لیے بھی اتنی ہی خطرناک ہے جتنی یہ کسی اور ملک کے خلاف ہو سکتی ہے، اس لیے ہم بار بار کہتے ہیں کہ بھارت کی سول سوسائٹی بھی آگے آئے اور اس سوچ کے خلاف جدوجہد کرے۔ ہم ہندو مہذہب کے ماننے والوں کے خلاف نہیں بلکہ ہندو انتہا پسندی کے خلاف ہیں۔

صدر آزادکشمیر نے شرکائے تقریب سے مخاطب ہو کر کہا کہ آج آپ آزادی کی فضا میں زندگی گزار رہے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام تاریخ کے بدترین کرفیو میں اپنے گھروں کی چار دیواری کے اندر مقید ہیں اور قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں بدترین مظالم سہہ رہے ہیں۔ کشمیر میں بھارت کے تازہ حملہ اور لاک ڈاؤن کو ایک ماہ کا عرصہ ہو چکا ہے اس وقت محصور کشمیریوں کے پاس نہ خورا ک ہے اور نہ ہی ادویات جس کے باعث اُن کی زندگی جہنم زار بن چکی ہے۔ لیکن وہ آزادی اور حریت کا راستہ ترک کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ مودی کا خیال تھا کہ وہ کشمیریوں کو فاقہ کشی سے دو چار کر کے اپنی غلامی قبول کرنے پر مجبور کر دے گا لیکن یہ اُس کی خام خیالی اور غلطی تھی۔ مودی کے غلط انداز ے کے باعث دنیا کو کشمیر کے بارے میں صحیح صورتحال کا پہلی بار اندازہ ہوا اور تنازعہ کشمیر دنیا میں پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں سمجھا جانے لگا ہے اور بھارت کے مکروفریب بھی دنیا کے سامنے کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔

سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنا ایک اجلاس منعقد کر کے خاموش نہ بیٹھ جائے بلکہ مسلسل اپنے اجلاس بلا کر بھارت کو کشمیر کے متعلق غیر قانونی اقدامات واپس لینے اور مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر مجبور کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنا، بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کرانا مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کو روکنا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سابق وزیر محمد علی درانی اور اہل لاہور کی طرف سے کشمیر ہیومن رائٹس و ویلنٹیر موومنٹ شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ تحریک قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بعد میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کشمیر ہیومن رائٹس و ویلنٹیر موومنٹ کے عہدیداران سے حلف بھی لیا۔


خبر کا کوڈ: 814387

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814387/آزادی-کی-تمنا-کشمیریوں-کے-خون-میں-رچی-بسی-ہے-مسعود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org