QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

4 Sep 2019 12:12

متاثرہ بچی کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے تھے، بچی کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے جس میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے پولیو کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد صوبے بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے پولیو کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، پولیو سے متاثرہ بچی کی عمر 5 ماہ ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے تھے، بچی کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے جس میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ ضلع لکی مروت میں اس سے قبل 2 پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ صوبے میں بنوں ڈویژن سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں رواں سال اب تک 30 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان لکی مروت اور بنوں کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو پولیو کے حوالے سے ناقص کارکردگی پر عہدوں سے ہٹا چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے بعض دیگر اضلاع سے بھی پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں شانگلہ میں ایک، ڈی آئی خان میں ایک، تورغر میں 5، ہنگو میں 2 اور چارسدہ سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں خیبر سے ایک، باجوڑ سے ایک اور شمالی وزیرستان سے 8 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر کامران احمد آفریدی کا کہنا ہے کہ پولیو کیسز کی بڑی وجہ والدین کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے انکار ہے جبکہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔


خبر کا کوڈ: 814390

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814390/خیبر-پختونخوا-میں-پولیو-کا-ایک-اور-کیس-سامنے-ا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org