QR CodeQR Code

صوابی، چوہوں نے ایک نوجوان کی شادی رُکوا دی

4 Sep 2019 13:12

دولہا کے مطابق میری شادی کی تاریخ طے ہوئی تھی اور میرے خاندان کی عمر بھر کی جمع پونجی 5 لاکھ روپے شادی کے اخراجات کیلئے رکھے گئے تھے، جو چوہے کھا گئے۔


اسلام ٹائمز۔ آپ نے یہ تو سنا ہوگا کہ فوتگی کی وجہ، چوری یا کسی اور وجہ سے شادی رُک گئی ہو، لیکن یہ کبھی نہیں سنا ہوگا کہ چوہوں کی واردات کی وجہ سے کسی کی شادی رُک گئی ہو۔ ایسا ایک عجیب واقعہ صوابی کے علاقے یارحسین میں پیش آیا ہے، جہاں چوہوں نے مل کر دلہا کی شادی کیلئے رکھے ہوئے 5 لاکھ روپے کھا لئے۔ ٹریکٹر ٹرالی کی محنت مزدوری کرنے والے 26 سالہ محنت کش عاصم خان ولد جمال خان نے اس حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میری شادی کی تاریخ طے ہوگئی تھی اور میرے خاندان کی عمر بھر کی جمع پونجی 5 لاکھ روپے شادی کے اخراجات کیلئے رکھے گئے تھے، یہ 5 لاکھ روپے جو 5 ہزار روپے کے 100 نوٹوں پر مشتمل تھے، کو گھر میں بستروں کے صندوق میں رکھ دیا گیا، تاکہ رقم محفوظ رہے اور گھر میں شادی کی تیاریاں دھوم دھام سے جاری تھی۔

گذشتہ روز جب ضرورت کیلئے صندوق کھولا گیا تو سب کی حیرانی و پریشانی کی انتہانہ رہی، کیونکہ رکھے گئے 5 لاکھ روپے کے پیکٹ کے ایک سے لے کر 100 تک تمام نوٹوں کا آدھا حصہ نہیں تھا، چھان بین کرنے پر معلوم ہوا کہ صندوق کے اندر چوہوں نے 5 لاکھ روپے کے پیکٹ کا آدھا حصہ کھا لیا تھا، حالانکہ اس رقم سے چوہوں کا پیٹ تو بھر نہ سکا اور نہ نوٹ کھانے کی چیز ہے، لیکن میری شادی کا پروگرام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اس نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد ہمارے خاندان کے تمام افراد نے مل کر ان چور چوہوں کی تلاش شروع کر دی اور تلاش بسیار کے بعد چوہوں کو زندہ حالت میں اسی صندوق میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، غصے کے عالم میں چوہوں کی خوب کلاس لے لی گئی۔

سزا کے طور پر چوہوں کو پانی میں غوطے دینے، بجلی کا کرنٹ دینے اور آخری میں چوہوں کو سرِغام پھانسی دینے کے بعد آگ میں جلانے کی سزا دینے کا اٹل فیصلہ سنایا گیا، لیکن خاندان اور محلے کے بزرگوں کے کہنے پر دونوں چوہوں کو معاف کرکے باعزت طور بری کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ کے دونوں سروں پر نمبر ہوتے ہیں، اسلئے ایک طرف کے تمام نوٹوں کے نمبر بالکل درست اور واضح ہیں۔ علاقے کے عوامی و سماجی حلقوں، عاصم خان اور اس کے خاندان نے صوبائی و مرکزی حکومت اور سٹیٹ بینک کے اعلٰی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹوں کو فوری طور تبدیل کر دیں، تاکہ ہم شادی کی خوشیاں مناسکیں۔


خبر کا کوڈ: 814399

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814399/صوابی-چوہوں-نے-ایک-نوجوان-کی-شادی-ر-کوا-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org