0
Thursday 5 Sep 2019 14:50
کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہ بنایا جائے، امارات

آرمی چیف سے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ کی ملاقات

آرمی چیف سے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب اور عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر پاک سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ عادل الجبیر اور عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں کشمیر کے اندر بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی نازک صورتحال پہ گفتگو کی گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر میں بھارتی غیر آئینی اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ سعودی اور امارتی وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستانی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔ قبل ازیں پاکستان کے معروف صحافی حامد میر نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں عوام کو بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان سے باقاعدہ درخواست کی ہے کہ وہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہ بنائے بلکہ اسے انفرادی مسئلہ کے تناظر میں دیکھے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پہ عرب امارات کے اس مشورے کو شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ بعض بلاگرز نے واضح طور پر عرب وزرائے خارجہ کے اس دورے کو بھارتی ترجمانی کے مترادف قرار دیا ہے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کی اب تک اہم ملاقاتوں کا تاحال نہ کوئی اعلامیہ جاری کیا گیا اور نہ ہی کوئی مشترکہ یا انفرادی حیثیت میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ 
خبر کا کوڈ : 814619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش