QR CodeQR Code

سکھر ملتان موٹروے کی تکمیل، اب 6 گھنٹوں کا سفر 3 گھنٹوں میں طے ہوگا

5 Sep 2019 16:14

سکھر، ملتان موٹر وے پر حدِ رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، جس سے 392 کلومیٹر کا سفر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہوسکے گا جبکہ نیشنل ہائی وے پر یہ سفر 6 گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ اس منصوبے کی تعمیر میں 97 فیصد پاکستانی اور 3 فیصد چینی افرادی قوت نے حصہ لیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے تحت کراچی لاہور موٹروے کا ایک بڑا اور اہم حصہ سکھر، ملتان موٹر وے جسے ایم فائیو کا نام دیا گیا ہے، مکمل ہوگیا، جس کے بعد 6 گھنٹے کا سفر ساڑھے 3 گھنٹوں میں طے ہوا کرے گا، ایم فائیو کے دونوں جانب حد نگاہ تک پھیلے سرسبزباغات کے مناظر سفر کو خوبصورت بنا دیتے ہیں، چین کے تعاون سے 392 کلومیٹر کا ٹریک تعمیر کر لیا گیا ہے، 2 ارب 89 کروڑ ڈالر کا منصوبہ مقررہ مدت سے دو ماہ قبل مکمل کیا گیا ہے، چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کا تعمیر کردہ جنوبی پنجاب اور اندرونِ سندھ کو ملانے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے، موٹر وے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے برج سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈر پاسز تعمیر کیے گئے ہیں، ہر 65 کلو میٹر کے فاصلے پر سروس ایریاز بنائے گئے ہیں، تاہم این ایچ اے کی جانب سے یہ ابھی فعال نہیں ہوئے اور نہ ہی فیول اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

ایم فائیو پہلی موٹروے ہے جس کے دونوں اطراف میں سروس لائن بنائی گئی ہے، تاکہ کاشتکار جلد اپنی فصلوں کو منڈی تک پہنچا سکیں، جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے اس منصوبے کا افتتاح سابق وزیراعظم نواز شریف نے کیا تھا۔ سکھر، ملتان موٹروے پر حدِرفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، جس سے 392 کلومیٹر کا سفر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہوسکے گا جبکہ نیشنل ہائی وے پر یہ سفر 6 گھنٹوں میں طے ہوتا ہے، اس منصوبے کی تعمیر میں 97 فیصد پاکستانی اور 3 فیصد چینی افرادی قوت نے حصہ لیا، چینی کمپنی کے ڈپٹی جنرل مینجر مسٹر ڈنگ ژاجی نے چینی وفد کے ہمراہ ملتان سے سکھر تک موٹروے کا مکمل دورہ کیا، انہوں نے مختلف سیکشنز اور کنٹرول رومز کا معائنہ بھی کیا۔ مسٹر ڈنگ ژاجی نے کہا کہ یہ پہلا منصوبہ ہے، جو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر لیا گیا ہے، ہماری طرف سے تیاری مکمل ہے اور ہم اسے حکومت کے سپرد کرنے کو تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 814638

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814638/سکھر-ملتان-موٹروے-کی-تکمیل-اب-6-گھنٹوں-کا-سفر-3-میں-طے-ہوگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org