0
Thursday 5 Sep 2019 23:15

بھارتی انتہاء پسند حکومت نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی

بھارتی انتہاء پسند حکومت نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس امر پر زور دیا ہے کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات دور کرنے کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائے، جو بھارتی فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں مصائب کا شکار ہیں، بھارتی انتہا پسند حکومت نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جرمنی، بیلجیئم، بلغاریہ اور ہالینڈ کے نامزد سفیروں نے ایوان صدر میں صدر مملکت کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ صدر نے پاکستان میں نئے سفیروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے کام کریں گے۔ ملاقات کرنے والے سفیروں میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹیفن شیلجک، بیلجیئم کے سفیر فلپ براﺅنچین، بلغاریہ کے سفیر الیگزینڈر بوریسوف پارا شیکوف اور ہالینڈ کے سفیر ولیم ووٹرپلومپ شامل تھے۔

سفارتی اسناد پیش کرنے کے بعد سفراء نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات دور کرنے کے لئے کام کرے، جو بھارتی فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں مصائب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس انتہاء پسند حکومت نے جوہری بٹن تک رسائی ہونے کی بناء پر علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ قبل ازیں نامزد سفیر بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدر کے مرکزی دروازے تک پہنچے۔ اس موقع پر پاکستان اور سفیروں کے متعلقہ ملک کے قومی ترانے بجائے گئے، انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 814691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش