QR CodeQR Code

بھارت جان لےکشمیر کی آزادی زیادہ دور نہیں، عثمان بزدار

6 Sep 2019 10:22

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجان ہیں، 6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے پاک دھرتی کے دفاع کیلئے اپنا قیمتی لہو دینے والے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا افتخار ہیں، آج پوری قوم شہدائے وطن کی اَن مٹ قربانیوں کو سلام پیش کر رہی ہے، 1965 کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے غازیوں کی جرأت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا شکار کشمیری شہداء کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یوم دفاع پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ایک ماہ سے زائد جاری کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی زندگیاں سسک رہی ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مسلمان ہمارے بہن بھائی ہیں، ان کے دکھ، تکلیف، مظلومیت اور بے بسی پر ہر پاکستانی کا دل خون کے آنسو روتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، بھارت جان لے کہ کشمیر کی آزادی زیادہ دور نہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور تاریخ ساز باب ہے، پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک افواج کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی جنگ میں بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں، پاک افواج اور پوری قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، تاریخ عالم پاک فوج کی جانب سے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اور اتحاد کا عملی ثبوت دیا تھا آج پھر اسی قومی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجان ہیں، 6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو  خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 814760

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/814760/بھارت-جان-لےکشمیر-کی-آزادی-زیادہ-دور-نہیں-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org