0
Friday 6 Sep 2019 11:42

بلتستان یونیورسٹی میں بھی مالی بحران، وائس چانسلر کا وزیراعلٰی کو خط

بلتستان یونیورسٹی میں بھی مالی بحران، وائس چانسلر کا وزیراعلٰی کو خط
اسلام ٹائمز۔ قراقرم یونیورسٹی کے بعد بلتستان یونیورسٹی میں بھی مالی بحران پیدا ہو گیا، وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کے نام ایک خط تحریر کیا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کیلئے ایک مالی پیکج کا اعلان کیا جائے۔ وائس چانسلر نے اپنے خط میں یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل اور متوقع وسائل سے آگاہ کیا ہے۔ خط کے مندرجات میں بتایا گیا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے سال 2019-2020ء کے فنڈز میں بڑی کٹوتی کی ہے اور اسی وجہ سے ملک کی تمام بڑی اور چھوٹی یونیورسٹیوں کو سخت مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بلتستان یونیورسٹی چونکہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس مرحلے میں نومولود ادارے کو فنڈز کی اشد ضرورت ہے تاکہ جامعہ اپنے روز مرہ کے اخراجات بروقت ادائیگیوں کے ساتھ کر سکے۔ ڈاکٹر محمد نعیم خان نے مزید لکھا ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت بلتستان یونیورسٹی کی بروقت مالی معاونت کرے تاکہ درس و تدریس اور تحقیق کے تمام اُمور بخوبی جاری رکھے جا سکیں۔ فنڈز کے اجراء سے متعلق وائس چانسلر نے مقامی نمائندوں اسپیکر حاجی فدا محمد ناشاد، سینئر وزیر حاجی اکبر تابان، رکن کونسل اشرف صدا اور  وزیراخلاق سے بھی گزارش کی ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کیلئے فنڈز کی وصولی میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 814785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش