0
Friday 6 Sep 2019 14:25

معمر خاتون سےبدسلوکی، ملزم اے ایس آئی آصف جوڈیشل ریمانڈپر جیل منتقل

معمر خاتون سےبدسلوکی، ملزم اے ایس آئی آصف جوڈیشل ریمانڈپر جیل منتقل
اسلام ٹائمز۔ سی پی او دفتر لاہور میں معمر خاتون سے بدکلامی اور بدسلوکی کرنے والے اے ایس آئی ملزم آصف کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ سی پی او آفس میں معمر خاتون سے بدسلوکی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے معاملے پر ملزم اے ایس آئی آصف کو ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ وسیم افتخار کے روبرو پیش کیا گیا۔ ملزم اے آیس آئی آصف علی کے خلاف مقدمہ سب انسپکٹر چوہدری خالد کی مدعیت میں تھانہ پرانی انارکلی میں 155 سی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم کے وکیل نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ مقدمہ میں 155 سی دفعہ فعال نہیں، ملزم کو ڈسچارج کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کے مطابق ملزم اے ایس آئی آصف نے کندن نامی 80 سالہ بوڑھی خاتون سے بدسلوکی کی، بزرگ خاتون اپنی درخواست لے کر مظفر گڑھ سے کھلی کچہری میں آئی تھیں۔ بزرگی کے سبب خاتون فرسٹ چیکنگ پوائنٹ پر بیٹھ گئیں جس پر اے ایس آئی نے پوچھ گچھ کے دوران بدتمیزی شروع کر دی، یہاں تک کہ اے ایس آئی آصف نے معمر خاتون کی چھڑی پکڑ کر دور پھینک دی۔ ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ سرکاری وکیل نے ملزم کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے دونوں جانب سے وکلاء کا موقف سننے کے بعد ملزم اے ایس آئی آصف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
 
خبر کا کوڈ : 814813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش