0
Friday 6 Sep 2019 18:20

قوم ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے، کمانڈر ایف سی این اے

قوم ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے، کمانڈر ایف سی این اے
اسلام ٹائمز۔ کمانڈر ایف سی این اے (فورس کمانڈر) گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا یادگار دن ہے، پاکستانی قوم ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے۔ غذر میں لالک جان شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری کے بعد منعقدہ یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان شہداء کی سرزمین ہے اور اس کا ایک ایک کونہ، ایک ایک گوشہ اور ایک ایک انچ ہمارے لئے مقدس ہے، لالک جان شہید نے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی، لالک جان کی شہادت، جرت و بہادری ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمارے شہداء اور غازی ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ آج کا دن ہمارے لیے ایک غیر معمولی دن ہے۔

میجر جنرل احسان محمود کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے محسن شہداء اور غازیان وطن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان اور جی بی کے ایک ایک انچ کا دفاع کرینگے۔ آج ہم یہ بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے شہداء کے ورثاء اور غازیان وطن کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔ قبل ازیں فورس کمانڈر نے لالک جان شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، پاک آرمی کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ تقریب میں فورس کمانڈر کے ہمراہ صوبائی وزیر سیاحت فدا خان فدا، ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ جہانزیب، مشیر خوراک غلام محمد کے علاوہ شہید کے اہل خانہ، پاک آرمی سے ریٹائرڈ فوجی اور عوام علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے تقریب میں موجود تمام افراد سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ شہداء کے ورثا سے ملاقات کی اور پاک آرمی سے ریٹائرڈ فوجیوں کے مسائل بھی دریافت کیے۔
خبر کا کوڈ : 814845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش