0
Friday 6 Sep 2019 19:59

کشمیر پر خاموشی اختیار کرنے والے تمام بین الاقوامی قوتوں کو جھنجورتے رہیں گے، سعید غنی

کشمیر پر خاموشی اختیار کرنے والے تمام بین الاقوامی قوتوں کو جھنجورتے رہیں گے، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آج پورے ملک میں یوم دفاع پاکستان کو یوم شہداء پاکستان کے نام سے موسوم کیا گیا ہے اور آج تمام حکومتی اہلکار، وزراء، پولیس اور پاک افواج کے اعلیٰ افسران شہداء کے گھروں سے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کے لئے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کررہے ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رکھا جائے گا، جب تک مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ مسلمانوں پر بھارتی مظالم بند نہیں ہوجاتے، ہم عالمی سطح پر ان تمام بین الاقوامی قوتوں کو جھنجورتے رہیں گے، جو اب تک کشمیر کے معاملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، کراچی میں شہید ڈی ایس پی قاسم غوری اور شہید انسپکٹر افتخار احمد کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اس شہر اور صوبے میں قیام امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ڈی ایس پی قاسم غوری اور شہید انسپکٹر افتخار احمد کے گھر جاکر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سی آئی ڈی عارف حنیف، انسپکٹر شوکت اعوان اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے شہید قاسم غوری کے گھر پر ان کے صاحبزادے نعمان غوری سے ان کے والد کی شہادت پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہید قاسم غوری ایک نڈر اور بہادر پولیس آفیسر تھے اور ان کی اس شہر میں قیام امن کے لئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

سعید غنی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں اورآج ایک ماہ سے وہاں کرفیوں نافذ کر رکھی ہے، جس سے وہاں کے لاکھوں عوام محصور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، لوگوں کی نقل و حمل بند کردی گئی ہے، سیاست دانوں کو پابند سلاسل کردیا گیا ہے اور بھارتی فوجیوں کے مظالم سے سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے اس سلسلے کو مزید جاری رکھیں گے اور جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی اور وہ عالمی قوتیں جو ان مظالم کو دیکھتے ہوئے بھی آج خاموش ہیں ان قوتوں کو اس وقت تک جھنجوڑتے رہیں گے، جب تک کو کشمیریوں کی خود مختاری اور آزادی میں اپنا کردار ادا نہیں کردیتے۔
خبر کا کوڈ : 814871
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش