0
Friday 6 Sep 2019 22:39

پاکستانی قوم کڑے سے کڑے حالات میں دشمن کا مقابلہ کر سکتی ہے، ظفر اقبال شیخ

پاکستانی قوم کڑے سے کڑے حالات میں دشمن کا مقابلہ کر سکتی ہے، ظفر اقبال شیخ
اسلام ٹائمز۔ یوم دفاع کی مناسبت سے منعقد ہونیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سرگودہا ظفر اقبال شیخ نے کہا ہے کہ چھ ستمبر ہماری تاریخ کا ایک عصر آفرین اور تاریخ ساز دن ہے، جب بھارت نے اپنی طاقت اور برتری کے گھمنڈ میں پاکستان کی سرزمین پر اپنے ناپاک قدم رکھنے کی کوشش کی، بھارت کے اِس جارحانہ حملے سے قوم میں کسی قسم کی کھلبلی دیکھنے میں نہیں آئی، بھارت کی مسلح افواج کے اچانک حملے کا جواب دینے کے لیے پوری پاکستانی قوم اپنے سرفروش مجاہدوں کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گئی۔ جناح ہال کیمپس میں یوم دفاع اور یو م یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور یہ دن اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ ہم جرأت و بہادری کا پیکر ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ تاریخ شاہد ہے کہ معرکہ حق و باطل میں ہمارے تیغ آزماؤں کی فتح مندیوں اور کامرانیوں کا انحصار افواج کی کثرت اور سامان جنگ کی فراوانی پر نہیں، بلکہ غازیان دین کی قوتِ ایمانی و اسلامی اور اخلاقیات سے ان کی والہانہ شیفتگی پر رہا، انھی ہتھیاروں سے کام لے کر ہم اکثر اوقات اپنے سے دس گنا بڑے دشمن پر بھی غالب رہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے ماہرین جنگ نے اس حقیقت کا صاف لفظوں میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی فوج سامان حرب اور تعداد کے لحاظ سے دشمن کے مقابلے میں بہت کم تھی، لیکن اُس نے بھارت کی کثیر افواج اور اس کے عسکری جاہ وجلال کو محض اپنی قوتِ ایمانی کے بل پر تہس نہس کرکے بدروحنین کی سنت کو از سرنو تازہ کر دیا۔ کمشنر سرگودہا نے مزید کہا کہ سرگودھا کی پیشانی پر لہراتا ہوا یہ پرچمِ استقلال، یہاں کے شہریوں کی بہادری کا نشان ہے۔

انکا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں اس شہر میں بطور کمشنر خدمات انجام رہا ہوں، حالات کیسے بھی ہوں ہر کڑے وقت میں قوم دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے، اتحاد کے بل بوتے پر ہی ہم نے دشمن کی ارادوں کو نیست و نابود کیا تھا، آئیے! ہم اس موقع پر عزم کریں کہ ہم وطنِ عزیز کی سلامتی و بقا کے لیے بھی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب میں سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے کہا کہ چھ ستمبر 1965ء اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ ہم جرات و بہادری کا پیکر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے لاہور اور سرگودہا کے ہوائی اڈوں سے اپنے حملوں کا آغاز کیا، لاہور کے ہوائی حملوں میں دشمن کو زبردست شکست فاش ہوئی، سرگودہا کی فضا تو بھارتی طیاروں کا قبر ستان بن گئی، سکوارڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے بھارت کے سات طیارے گرا کر فضائی جنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا، سترہ روزہ جنگ میں سب سے زیادہ فضائی حملے سرگودہا کے ہوائی اڈے پر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین صفت شہریوں نے نہایت عزم و استقلال سے دشمن کے ہوائی حملوں کا مقابلہ کیا، ہماری طیارہ شکن توپوں نے دشمن کے متعدد طیاروں کو مار گرائے اور کئی طیارے شاہین ہوا بازوں کو دیکھتے ہی بھاک گئے۔ تقریب میں ڈی پی او حسن مشتاق سکھیرا اور پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر نادیہ عزیز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلبہ کے مابین یوم دفاع اور یوم یکجہتی کشمیر کے موضوع پر تقریری مقابلے منعقد ہوئے، جبکہ طلبہ نے قومی ترانوں کے ذریعے اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں وانا میں فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان شہید عبد الوہاب کے ننھے بچوں نے خصوصی شرکت کی اور کمشنر ظفر اقبال شیخ نے ان بچوں کو اپنے سٹیج پر بٹھایا۔ بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کمشنر ظفر اقبال شیخ اور ڈپٹی کمشنر آسیہ گل کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی۔
خبر کا کوڈ : 814885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش