QR CodeQR Code

پاکستان کو سب سے زیادہ خطرہ فرقہ واریت سے اور یہ ناسور دشمن کا پیدا کردہ ہے، "حسین سب کا" کانفرنس سے علماء کا خطاب

27 Jun 2011 22:29

اسلام ٹائمز:اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور نامور عالم دین مولانا حافظ زبیر احمد نے کہا کہ آج پاکستان کو امریکہ، نیٹو اور ہندوستان سے خطرہ نہیں ہے بلکہ خطرہ فرقہ واریت سے ہے، ہمارے اندر فرقہ واریت سرایت کر چکی ہے اور یہ ناسور دشمن کا پیدا کردہ ہے، اگر ہم مختلف فرقوں میں بٹے ہوئے نہ ہوتے تو امریکہ کے پادری اور ڈنمارک کے لوگ رسول اکرم ص اور قرآن پاک کی شان میں گستاخی نہ کرتے


اسکردو:اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی معروف ادبی تنظیم " بزم علم و فن" کے زیر اہتمام سکردو میں 17ویں کانفرنس "حسین سب کا" کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مایہ ناز عالم دین اصغر درس نے کہا کہ آج ہم سب کو حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قربانی دینے کی ضرورت ہے۔ ملک خداد پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے حسین علیہ السلام کے نام اور ان کے کردار کو اپنانا ہو گا، میں بلتستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اُنہوں نے ملک خداد کو جن مسائل اور دہشتگردوں کا سامنا ہے اس کو ان علاقوں میں پہنچنے نہیں دیا ہے اور علاقے میں امن و آشتی کو برقرار رکھا ہوا ہے، امن سب سے بڑی نعمت ہے اگر مسلمان اتحاد و اتفاق چاہتے ہیں تو وہ حسین علیہ السلام کی پیروی کریں۔
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے مہمان خصوصی اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور نامور عالم دین مولانا حافظ زبیر احمد نے کہا کہ آج پاکستان کو امریکہ، نیٹو اور ہندوستان سے خطرہ نہیں ہے بلکہ خطرہ فرقہ واریت سے ہے، ہمارے اندر فرقہ واریت سرایت کر چکی ہے اور یہ ناسور دشمن کا پیدا کردہ ہے، اگر ہم مختلف فرقوں میں بٹے ہوئے نہ ہوتے تو امریکہ کے پادری اور ڈنمارک کے لوگ رسول اکرم ص اور قرآن پاک کی شان میں گستاخی نہ کرتے، ان کی یہ جرات فرقہ واریت کی وجہ سے ہو رہی ہے، دشمن یہ نہیں دیکھتا ہے کہ ہم دیوبندی ہیں، شیعہ سنی ہیں بلکہ ہمیں وہ اپنا دشمن اور مسلمان سمجھتا ہے، ہمارے اندر اور ملک میں فرقہ واریت پک چکی ہے کسی کو اسلام کی فکر نہیں ہے سب کو اپنے اپنے فرقوں کی فکر ہے۔
 مولانا حافظ ادریس مہتم اعلی منہاج القرآن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان رسول ص اور اہل بیت علیہم السلام کے نقش قدم پر چل کر ہی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ کانفرنس میں دیگر علمائے کرام اور مختلف دانشوروں نے حسین علیہ السلام کی سیرت پر روشنی ڈالی جبکہ شعراء اور منقبت خواہوں نے عقیدت کے پھول نچھار کئے۔


خبر کا کوڈ: 81499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/81499/پاکستان-کو-سب-سے-زیادہ-خطرہ-فرقہ-واریت-اور-یہ-ناسور-دشمن-کا-پیدا-کردہ-ہے-حسین-کانفرنس-علماء-خطاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org