QR CodeQR Code

کشمیر بھارت کا ایک اور چندریان ہوگا جس کی قیمت کئی گنا زیادہ ہوگی، فواد چوہدری

7 Sep 2019 16:24

ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے چاند پر اترنے کے مشن میں فیل بھارتی سائنسدانوں کو پچکارتے ہوئے کہا ’’جو کام آتا نہیں پنگا نہیں لیتے نا، ڈیئر اینڈیا‘‘۔ فواد چوہدری نے بھارتیوں کے ناکام مشن پر دلچسپ انداز اپناتے ہوئے انڈیا کو ’’اینڈیا‘‘ لکھا جس کے اردو میں معنی اختتام کے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے چاند مشن ’’چندریان 2‘‘ کی ناکامی پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا ایک اور چندریان ہوگا جس کی قیمت اس منصوبے سے کئی گنا زیادہ ہوگی۔ بھارت کے چاند پر اترنے کے دوسرے مشن کی ناکامی پر بھارتی اس حد تک مایوس ہوگئے ہیں کہ وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو اس خلائی مشن کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ فواد چوہدری بھی کسی سے کم نہیں انہوں نے بھارتیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ خلائی مشن کی ناکامی پر بھارتیوں کے ردعمل سے حیران ہوں جو مجھے اس مشن کی ناکامی کا ذمہ دار قراردے رہے ہیں۔ بھائی ہم نے کہا تھا 900 کروڑ لگاؤ ان نالائقوں پر؟ اب صبر کرو اور سونے کی کوشش کرو۔

ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے چاند پر اترنے کے مشن میں فیل بھارتی سائنسدانوں کو پچکارتے ہوئے کہا ’’جو کام آتا نہیں پنگا نہیں لیتے نا، ڈیئر اینڈیا‘‘۔ فواد چوہدری نے بھارتیوں کے ناکام مشن پر دلچسپ انداز اپناتے ہوئے انڈیا کو ’’اینڈیا‘‘ لکھا جس کے اردو میں معنی اختتام کے ہیں۔ ایک بھارتی سوشل میڈیا صارف نے چندریان 2 کے حوالے سے ٹوئٹ کیا کہ وہ بےچینی سے اسرو کے اعلان کا منتظر ہے جس پر فواد چوہدری نے ناکام مشن پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’سوجا بھائی چاند کی بجائے ممبئی میں اتر گیا کھلونا‘‘۔ فواد چوہدری نے اس موقع پر نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا۔ فواد چوہدری نے کہا مودی جی نے سیٹلائٹ کمیونی کیشن میں اس طرح بھاشن دیا تھا جیسے وہ سیاستدان نہیں بلکہ ایک خلانورد ہوں۔ لوک سبھا کو اس وقت ان سے سوال پوچھنا چاہئیے کہ آخر غریب عوام کے 900 کروڑ روپے کہاں ضائع کر دئیے؟

واضح رہے کہ چاند پر لینڈینگ کا منظر دیکھنے کے لیے مودی اسپیس ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میں موجود تھے، تاہم طویل انتظار کے بعد جب چندریان 2 کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور سگنل منقطع ہوگیا تو اس ناکامی پر مودی مایوسی سے کنٹرول روم سے چلے گئے تھے، اس پر فواد چوہدری نے مزے لیتے ہوئے کہا ’’اُف میں نے یہ لمحہ مس کر دیا۔‘‘ فواد چوہدری نے ایک اور ٹوئٹ میں چاند پر اترنے کے بھارتی مشن کی ناکامی اور ابھی نندن کی پاکستان میں ناکامی کو آپس میں جوڑتے ہوئے کہا ’’ہندوستان کو مشورہ ہے، بغیر سوچے سمجھے چندریان جیسے مشن بنانے یا ابھی نندن جیسوں کو لائن آف کنٹرول پار چائے پینے بھیجنے جیسے منصوبوں پر پیسہ لٹانے کی بجائے اپنے لوگوں کو غربت سے باہر نکالنے پر پیسے لگائیں، کشمیر بھارت کا ایک اور چندریان ہوگا جس کی قیمت چندریان سے کئی گنا زیادہ ہوگی۔‘‘


خبر کا کوڈ: 815035

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815035/کشمیر-بھارت-کا-ایک-اور-چندریان-ہوگا-جس-کی-قیمت-کئی-گنا-زیادہ-ہوگی-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org