0
Saturday 7 Sep 2019 16:35

شہادت صرف جان دینے کا نام نہیں بلکہ مقصد کیلئے عزت کی موت مرنے کا نام ہے، آیت اللہ غلام عباس رئیسی

شہادت صرف جان دینے کا نام نہیں بلکہ مقصد کیلئے عزت کی موت مرنے کا نام ہے، آیت اللہ غلام عباس رئیسی
اسلام ٹائمز۔ سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی جامعہ وفاقی اردو میں دفتر مشیر امور طلبہ اور آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ وفاقی اردو یونٹ کے زیر اہتمام یوم حسین (ع) کا انعقاد کیا گیا۔ یوم حسین (ع) کی صدارت مشیرِ امورِ طلبہ پروفیسر افضل نے کی جبکہ خصوصی خطاب آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کیا۔ علاوہ ازیں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ قاضی احمد نورانی، حجتہ السلام مولانا نصرت عباس بخاری اور جامعہ وفاقی اردو کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے بھی خطاب کیا۔ یوم حسین (ع) میں طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر دیگر طلبہ تنظیموں اور طلبہ کی جانب سے سبیل امام حسین (ع) کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جامعہ وفاقی اُردو میں یوم حسین (ع) کے موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کہا کہ امام حسین (ع) میں ہی یہ جرات تھی کہ باطل کے چہرے کو بے نقاب کریں، آج دنیا امام حسین (ع) کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ امام حسین (ع) نے میدانِ کربلا میں افکار کو بدل ڈالا، شہادت صرف جان دینے کا نام نہیں بلکہ کسی بھی مقصد کے لئے عزت کی موت مرنے کا نام ہے۔ مولانا نصرت عباس بخاری نے کہا کہ تاریخ انسانیت میں عمل و کردار کی روشن مثالیں اگر کہیں ملتی ہیں تو وہ صرف واقعہ کربلا ہے۔ علامہ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ کربلا ماضی نہیں ہے کربلا حال بھی ہے، اس کی واضع مثال موجودہ دور میں مختلف ممالک میں مظلومین پر ہونے والا ظلم اور یزیدی صفت امریکہ، اسرائیل اور آلِ سعود شامل ہیں، اس دور میں اقتدار اور اہل حکومت کو متعبر سمجھا جارہا ہے، اگر حضرت امام حسین (ع) قربانی نہ دیتے تو یزید آج بڑی شخصیت سمجھا جاتا، حضرت امام حسین (ع) نے آمریت اور ملوکیت کے خلاف جنگ کی، ورنہ آج بھی مسلمان ہر حکمران کو اولی الامر سمجھتے۔

یوم حسین (ع) کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ امام حسین (ع) نے میدانِ کربلا میں حق و باطل کے درمیان ایسی لکیر کھینچی جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گی، امام حسین (ع) کی قربانی کا مقصد دین محمد (ص) کی بقاء اور اسلام کی سربلندی تھا، کربلا ایک حادثہ نہیں ہے بلکہ آئینِ زندگی ہے، تاقیامت سید الشہداء حضرت امام حسین (ع)، ان تمام افراد کے سردار رہیں گے جو حق و انصاف کی طرفداری اور ظلم کی سرکوبی کے لئے سر اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج یزیدیت، داعش جیسی تنظیموں کی صورت میں پھر سے اپنا سر اٹھا رہی ہے، آج بھی عراق اور شام میں مسلمانوں کے سر تن سے جدا کئے جارہے ہیں، مسلمانوں کے قتل عام پر مسلم ممالک کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی داعش کے خلاف کاروایاں محض ایک دکھاوا ہیں، سب جانتے ہیں داعش کی پشت پناہی امریکہ اور اسرائیل کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 815036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش