QR CodeQR Code

وزیر خزانہ کا بیان 30 لاکھ عوام کی ترجمانی ہے، بشیر احمد خان

27 Jun 2011 22:49

اسلام ٹائمز:اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ محسن انڈسٹریز کو لائسنس دینے کی مخالفت کی وجوہات ہیں، کیونکہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہیں ہوئی ہے اور قانون ساز اسمبلی نے اس حوالے سے باقاعدہ فیصلہ دیا کہ جب تک نئی پالیسی مرتب نہیں ہوتی ہے کسی کو لائسنس جاری نہ کیا جائے


گلگت:اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف بشیر احمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ محمد علی اختر نے محسن انڈسٹریز کو لائسنس کے اجراء میں وزیراعلٰی سید مہدی شاہ کے کردار کے بارے میں بیان دیکر گلگت بلتستان کے 30 لاکھ عوام کی ترجمانی کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی سچ سننے کے عادی نہیں ہیں، اس لئے اُنہوں نے حقائق بیان کرنے پر صوبائی وزیر محمد علی اختر کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ وزیراعلٰی کا یہ اقدام ڈکٹیٹر شپ اور آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ محسن انڈسٹریز کو لائسنس دینے کی مخالفت کی وجوہات ہیں، کیونکہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہیں ہوئی ہے اور قانون ساز اسمبلی نے اس حوالے سے باقاعدہ فیصلہ دیا کہ جب تک نئی پالیسی مرتب نہیں ہوتی ہے کسی کو لائسنس جاری نہ کیا جائے لیکن وزیراعلٰی نے اسمبلی کے فیصلے کو نظرانداز کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں محسن انڈسٹریز کو لائسنس جاری کیا، ان کے اس اقدام کی آج ہر طرف سے مذمت کی جا رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے معدنی ذخائر پر غیرقانونی طریقے سے کسی کو بھی ہاتھ صاف کرنے نہیں دینگے۔ بشیر احمد خان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے، لیکن اس کیلئے پالیسی کے مطابق قانونی تقاضے ہونے کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہونا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 81504

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/81504/وزیر-خزانہ-کا-بیان-30-لاکھ-عوام-کی-ترجمانی-ہے-بشیر-احمد-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org