QR CodeQR Code

سندھ کے عوام سے ووٹ نہ دینے کا بدلہ لیا جارہا ہے، سینیٹر مولا بخش چانڈیو

7 Sep 2019 22:34

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ حیدرآباد کے کئی علاقے کل سے بجلی اور گیس سے محروم ہیں، نام نہاد جمہوری حکومت نے رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کرکے بدترین لوڈشیڈنگ کی، اب کہا کہ محرم میں لوڈشیڈنگ کم ہوگی اور اعلان کے ساتھ ہی سندھ سے بجلی غائب ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام سے ووٹ نہ دینے کا بدلہ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ کی شکل میں لیا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عذاب برپا کر رکھا ہے، سندھ بھر میں شہری لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر ہیں اور کوئی سننے والا نہیں ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پہلے بجلی بند کرکے سندھ کو عذاب میں مبتلا کیا گیا، اب گیس کی بندش بھی شروع ہوگئی ہے، عمران خان کی وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، سندھ کے اکثر علاقوں میں دن بھر بجلی اور گیس کا بند رہنا معمول بن چکا ہے، حیدرآباد کے کئی علاقے کل سے بجلی اور گیس سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری حکومت نے رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کرکے بدترین لوڈشیڈنگ کی، اب کہا کہ محرم میں لوڈشیڈنگ کم ہوگی اور اعلان کے ساتھ ہی سندھ سے بجلی غائب ہوگئی۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سندھ کے منتخب نمائندوں سے احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام سے ووٹ نہ دینے کا بدلہ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ کی شکل میں لیا جا رہا ہے۔ عمران خان وفاق گریز رویہ اختیار کرکے ملک کی وحدت کے ساتھ کھیل رہے ہیں، خان صاحب کے اس طرح کے انداز حکومت کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ وفاق کے ساتھ کھیلنا بند کردے۔


خبر کا کوڈ: 815104

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815104/سندھ-کے-عوام-سے-ووٹ-نہ-دینے-کا-بدلہ-لیا-جارہا-ہے-سینیٹر-مولا-بخش-چانڈیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org