0
Sunday 8 Sep 2019 16:35

شہر قائد میں وفاقی حکومت کے میگا منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر

شہر قائد میں وفاقی حکومت کے میگا منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں وفاقی حکومت کے تحت جاری میگا منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا امکان ہے جس کے باعث کراچی کے شہریوں کی وہ امیدیں فوری طور پر پوری نہ ہوسکیں گی جو ان منصوبوں کی تکمیل سے وابستہ کرلی گئی تھیں۔ کراچی میں سخی حسن چورنگی فلائی اوور کا تعمیراتی کام تاحال نامکمل ہے جبکہ فائیواسٹار چورنگی بالائی گزرگاہ منصوبے پر بھی تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے، وفاقی حکومت کے کراچی ترقیاتی پیکیج کی اسکیمز کا ستمبر میں افتتاح کیا جاناتھا لیکن فنڈز کی عدم دستیابی، تکنیکی مسائل اور تعمیراتی کام میں تاخیر پر رواں ماہ افتتاح کا معاملہ کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دور میں کراچی کے لئے 25ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا گیا تھا، کراچی ترقیاتی پیکیج کے تحت وفاق کے زیر نگرانی کراچی میں شاہراہوں ،فلائی اوور کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے، تاہم کے ڈی اے چورنگی پر بھی فلائی اوور ،ملحقہ سڑک پر کام مکمل نہیں ہوا۔ وفاقی حکومت اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ستمبر میں پانچ منصوبوں کو مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا، بتایا جاتا ہے کہ وفاقی حکومت نے تین فلائی اوورز منصوبوں کے لئے 893 ملین روپے مختص کئے، تاہم چھ ستمبر 2019ء تک وفاقی حکومت نے فلائی اوور منصوبوں کے لئے کوئی فنڈز جاری نہیں کیا۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فراہمی آب کا مسئلہ بھی سنگین صورت اختیار کرگیا ہے، لیکن وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے درمیان سیاسی چپقلش کے باعث اس عظیم منصوبے پر تاحال کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے، کے فور منصوبے سے متعلق ٹیکنیکل رپورٹ کے بعد مسائل بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ ڈیزائن، تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کے بعد کے فور منصوبے کو آگے بڑھانا مشکل ہے، اس منصوبے کی لاگت بڑھ کر 150 ارب روپے ہوچکی ہے۔ نیسپاک کی رپورٹ میں کے فور منصوبے میں کئی فنی خامیوں اور مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے، نیسپاک نے کے فور منصوبے کے روٹ، کینال الائنمنٹ کو تبدیل کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 815202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش