QR CodeQR Code

شیعہ سنی اتحاد سے ہی ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام ہو سکتی ہیں، سلیم حیدر

8 Sep 2019 18:14

شیعہ تنظیموں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے یزید کی بیعت نہ کرکے حق کے علم کو بلند رکھا، یہی وجہ ہے کہ آج بھی امام حسینؑ کا فکر و فلسفہ ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں آپس میں محبت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیعہ سنی اتحاد کو مزید فروغ دیا جائے، کیونکہ شیعہ سنی اتحاد کے ذریعے ہی ہم ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ کراچی میں شیعہ تنظیموں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم حیدر نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور اہل بیتؑ کی قربانیاں ہمیں اس بات کا پیغام دیتی ہیں کہ ہمیں حق و سچ پر کھڑے ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے یزید کی بیعت نہ کرکے حق کے علم کو بلند رکھا، یہی وجہ ہے کہ آج بھی امام حسینؑ کا فکر و فلسفہ ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ بعض قوتیں شیعہ اور سنی دونوں کو آپس میں لڑا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، ان کے مذموم مقاصد پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کچھ قوتوں نے دونوں فرقوں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش کی، لیکن آپس میں باہمی رابطے اور ایک دوسرے کے احترام کی بناء پر دشمن اپنی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ ملک کے حالات بھی کشیدہ ہیں، ایسے میں مہاجروں پر خصوصی طور پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آپس میں احترام اور بھائی چارے کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 815216

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815216/شیعہ-سنی-اتحاد-سے-ہی-ملک-دشمنوں-کی-سازشیں-ناکام-ہو-سکتی-ہیں-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org