0
Sunday 8 Sep 2019 18:41

پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کی حمایت جاری رکھیں گے، چین

پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کی حمایت جاری رکھیں گے، چین
اسلام ٹائمز۔ چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کی مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کی حمایت جاری رکھے گا۔ چینی وزیرخارجہ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے چین سے آئے وفد کو مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں 35دن سے کرفیو جاری ہے اور وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ عمران خان نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ وادی میں جاری کرفیوں اور دیگر پابندیاں فوری اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چین کے ساتھ خطے کے امن واستحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی اسٹریٹیجک شراکت داری خطے کے امن واستحکام کیلیے ہے جو علاقائی اور عالمی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوتی۔ وانگ ژی نے دو روزہ دورے کے دوران صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے چین کو کشمیر سے متعلق اپنے موقف اورتشویش سے آگاہ کیا۔ چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضیہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور یہ تنازع تاریخ کا حل طلب تنازع ہے۔ چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ وانگ ژی نے پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان ہوئے سہہ فریقی مذاکرات میں بھی شرکت کی۔ پاک چین افغان سہ فریقی مذاکرات میں اقتصادیات، رابطہ سازی، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور سفارتی تربیت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت پانچ نکاتی معاہدے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں اس بات پر تبادلہ خیال ہوا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا مرحلہ وار اور ذمہ دارانہ ہونا چاہئے، پاکستان اور چین افغان تنازع کے پرامن حل کیلئے طالبان اور افغان حکومت میں براہ راست مذاکرات کے خواہاں ہیں، افغان فریقین پر مشتمل مذاکرات کے ذریعے ہی مستقبل کے سیاسی معاہدے کی ضرورت ہے اور فریقین کے درمیان معاہدے تک مذاکرات جاری رکھیں۔
 
خبر کا کوڈ : 815221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش