0
Sunday 8 Sep 2019 18:45

علی زیدی ٹانگ نہ اڑاتے تو کراچی کی صفائی کا کام تین ہفتوں میں مکمل کرلیتے، بیرسٹر مرتضی وہاب

علی زیدی ٹانگ نہ اڑاتے تو کراچی کی صفائی کا کام تین ہفتوں میں مکمل کرلیتے، بیرسٹر مرتضی وہاب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و مشیر ماحولیات، قانون و ساحلی ترقی سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کی کلین کراچی مہم سستی شہرت حاصل کرنے کا بہانہ اور سیاسی ڈرامے بازی تھی، صفائی مہم کے نام پر سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے کی کوشش اور مہم چلائی گئی، اگر تحریک انصاف کے لوگ دوسروں کی خامیاں ڈھونڈنے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہوگا، ویسے بھی تحریک انصاف نے اپنے ایک سال میں عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، تبدیلی کی رٹ لگانے والوں نے صرف اور صرف انتقام کی سیاست کو فروغ دیا ہے، کراچی کی عوام کا مینڈیٹ جن کے پاس رہا ہے ان کی ناکامی کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ پیپلز پارٹی شہر قائد کی عوام کو اکیلا چھوڑ دیگی، کراچی کی عوام یہ جان چکی ہے کہ علی زیدی کی کلین کراچی مہم سے کراچی کو شدید نقصان اٹھانا پڑا، وفاقی وزیر نے 48 ہزار ٹن کچرا نالوں سے نکالنے کا دعوی کیا مگر صرف 12 ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹس پر پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پی وائی او کے ترجمان تیمور علی مہر اور وائس پریذیڈنٹ پی وائی او طارق بلیدی سے ملاقات کے دوران کیا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی اپنا کام خوش اسلوبی سے کر رہی ہے اور اگر علی زیدی ٹانگ نہ اڑاتے تو کراچی کی صفائی کا کام ہم دو سے تین ہفتوں میں مکمل کر لیتے، تحریک انصاف پروپیگنڈا کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کر رہی۔

اس موقع پر پیپلزیوتھ آگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا ہے کہ علی زیدی کی کراچی کو صاف کرنے کی مہم نے شہر کو مزید گندا کردیا ہے، بڑی شاہراہوں اور گلیوں کو صاف کرنے کی بجائے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل کردیا ہے، ان علاقوں میں بھی گندگی کے ڈھیر کردیئے ہیں جہاں گندگی کا نام و نشان بھی نہیں تھا، صفائی مہم میں ناکامی کے بعد علی زیدی کراچی کی عوام سے معافی مانگیں کیونکہ انہوں نے عوام سے جھوٹ بول کر گمراہ کرنے کی کوشش کی، سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، میڈیا میں شہرت پانے کے لئے پہلے بھی علی زیدی اور دیگر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کی ہیں، علی زیدی اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر دوسروں کے کاموں میں مداخلت نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 815223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش