QR CodeQR Code

کشمیروں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، راجہ فاروق

9 Sep 2019 12:02

لندن میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ جنگ ہو لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس سے ساری دنیا کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ڈیڑھ ارب انسان جنگ سے متاثر ہوئے تو یورپ کیلئے بھی مشکلات پیدا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق خان نے لندن کے فیضان اسلام سنٹر میں کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک استعماریت پر یقین رکھتے ہوں وہ مہذب دنیا کی بات آسانی سے نہیں مانتے، ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں جہاں استعماری ذہنیت والوں نے بات نہ مانی اور ذلت ان کا مقدر بنی۔ کشمیروں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، مودی کی پالیسیوں کی دنیا کو سمجھ آ رہی ہے کہ یہ دنیا کیلئے خطرہ ہے۔

معروف عالم دین مفتی منیب الرحمن نے سیمینار سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ ہندوستان انہیں گھس پیٹھے کہتے تھے مگر وہ کرفیو شروع ہونے سے لے کر آج تک ایک آدمی نہیں دکھا سکا جو باہر سے آیا ہو، یہ کشمیریوں کی اپنی جدوجہد آزادی ہے۔ مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ جب عالمی سطح پر عدل نہ ہوا تو پھر فیصلہ میدان میں ہو گا۔

سیمینار میں مقامی ممبر پارلیمنٹ سٹیلا کریسی اور لارڈ نذیر احمد سمیت جید علمائے کرام، کمیونٹی لیڈران اور شہریوں نے شرکت کی۔ لارڈ نذیر احمد نے نریندر مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے می مداخلت کریں اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔ سیمینار کے میزبان علامہ ربانی افغانی نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ اور یورپی یونین میں بھی لے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 815308

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815308/کشمیروں-کی-قربانیاں-رنگ-لائیں-گی-راجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org