QR CodeQR Code

ہم نے جلوس کا رخ ریڈ زونز کی طرف موڑ دیا تو ریاستی اداروں کو جائے پناہ نہیں ملے گی، علامہ ناظر عباس تقوی

9 Sep 2019 22:51

کراچی میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایس یو سی سندھ کا کہنا تھا کہ وہ ہماری جدوجہد کا پہلا حصہ تھا جو ہم نے صدر پاکستان کے گھر کے باہر دھرنا دیا تھا، اب یہ دوسرا مرحلہ ہے اور ہم تیسرے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں، تم سوچ نہیں سکتے اور جب ملت جعفریہ تمہارے دروازے پر آکر بیٹھے گی تو تم حیران ہوجاؤ گے کہ ملت جعفریہ یہ اقدام بھی اُٹھا سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی نے حکومت اور ریاستی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم اپنی طاقت دکھائیں گے تو تمہاری آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی کا کہنا تھا کہ مجھے حکومت اور ریاست پاکستان پر افسوس ہے کہ اس نے اپنے ملک کے شہریوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک رکھا ہے کہ جیسے ملت جعفریہ کوئی دہشت گرد قوم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ریاستی اداروں کو واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ملت جعفریہ ایک پر امن اور محب وطن قوم ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے یہ ملک بنایا تھا اور ہم اس ملک کے وفادار ہیں، ہم نے کبھی ریاست پاکستان کیخلاف کوئی اقدام نہیں کیا لیکن ریاست ہماری حب الوطنی کو ہماری کمزوری سمجھتی ہے، ہم یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ ہماری کمزوری نہیں ہے، ہم اس ملک میں انارکی پیدا نہیں کرنا چاہتے، ہم اس ملک میں انتشار نہیں چاہتے ورنہ ہم چاہیں تو اس جلوس کا رخ تمہارے ریڈ زونز کی طرف موڑ دیں تو پھر تم لوگوں کو جائے پناہ نہیں ملے گی، اس لئے کہ ہم قاتل نہیں ہم مقتول ہیں جنہیں اس ملک میں قتل کیا گیا ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ ہم بے گناہ ہیں، تم ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی کرتے ہو اور جب تم سے رابطہ کیا جاتا ہے تو دھوکا دیتے ہو اورجھوٹ بولتے ہو، لوگوں سے غلط بیانی کرتے ہو، اب تمہارا کوئی دھوکا نہیں چلے گا، یہ بھارت کی حکومت نہیں ہے یہ پاکستان کی سرزمین ہے جو کہ ایک آزاد ریاست ہے، تم اس ملک کے باسیوں کو جوابدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ لاپتہ افراد سے متعلق جو بات چیت رمضان میں شروع کی گئی تھی اُسے دوبارہ شروع کیا جائے، وہ ہماری جدوجہد کا پہلا حصہ تھا جو ہم نے صدر پاکستان کے گھر کے باہر دھرنا دیا تھا، اب یہ دوسرا مرحلہ ہے اور ہم تیسرے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں، تم سوچ نہیں سکتے اور جب ملت جعفریہ تمہارے دروازے پر آکر بیٹھے گی تو تم حیران ہوجاؤ گے کہ ملت جعفریہ یہ اقدام بھی اُٹھا سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 815409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815409/ہم-نے-جلوس-کا-رخ-ریڈ-زونز-کی-طرف-موڑ-دیا-ریاستی-اداروں-کو-جائے-پناہ-نہیں-ملے-گی-علامہ-ناظر-عباس-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org