QR CodeQR Code

واقعہ کربلا درس انقلاب ہے، جو یزید صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، محمد حسین محنتی

10 Sep 2019 00:27

یوم عاشور کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ انسانیت اور اسلام کے دشمنوں نے آج کشمیر، برما، فلسطین سمیت پوری دنیا میں ظلم و بربریت سے معرکہ کربلا پربا کر رکھا ہے، اس لئے حق و سچ کا ساتھ اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہی پیغام شہادت حسین (ع) ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا درس انقلاب ہے، جو اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد اور یزید صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) نے اپنے خاندان سمیت دین حق کیلئے جام شہادت نوش کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے مگر ظلم کی نہیں، انسانیت اور اسلام کے دشمنوں نے آج کشمیر، برما، فلسطین سمیت پوری دنیا میں ظلم و بربریت سے معرکہ کربلا پربا کر رکھا ہے، اس لئے حق وسچ کا ساتھ اور ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہی پیغام شہادت حسین (ع) ہے، حق و باطل کا معرکہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا۔

انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور کرفیو کو آج 35 دن گذر گئے، یہ بدترین ریاستی دہشتگردی ہے، کشمیر کی افسوس ناک صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں و عالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، واقعہ کربلا ہمیں اسلام کے غلبہ اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر باطل سے ٹکرانے کا درس دینے کے ساتھ اس کے راستے میں آنے والی مشکلات میں صبر و استقامت، ایثار و قربانی کی تاکید کرتا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اور علماء کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ یوم عاشور سمیت محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کی فضاء کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 815418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815418/واقعہ-کربلا-درس-انقلاب-ہے-جو-یزید-صفت-حکمرانوں-کیخلاف-ڈٹ-جانے-کا-نام-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org