QR CodeQR Code

واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بہادری، استقامت، جرات، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے، مصطفیٰ کمال

10 Sep 2019 00:43

یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ جو قومیں خاموش رہ کر حق پر کھڑی اور باطل کے آگے ڈٹتی نہیں وہ ظالم یزید کے ساتھی ہیں اور انکا انجام بھی عبرتناک ہوتا ہے، کیونکہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پہ خاموش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان کائنات کا سب سے عظیم معرکہ ہے، جس میں نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) اور ان کے خاندان نے حق کی سربلندی کی خاطر جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا کے انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے، واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بہادری، استقامت، جرات، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے۔ یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ واقعہ کربلا حق پر ثابت قدم اور باطل سے ٹکرا جانے میں کسی بھی حد سے گزر جانے کا سبق دیتا ہے، حضرت امام حسین (ع) اور اہل بیت (ع) نے اسلام کی بقاء و سلامتی کے لئے جو عظیم قربانی پیش کی ہے اس کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں خاموش رہ کر حق پر نہیں کھڑی ہوتیں اور باطل کے آگے نہیں ڈٹتیں وہ ظالم یزید کے ساتھی ہیں اور انکا انجام بھی عبرتناک ہوتا ہے، کیونکہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پہ خاموش ہے، پی ایس پی حسینیت کی پیروکار ہے اور ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری جدوجہد ہے کہ قوم ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کرے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماہ محرم الحرام تمام عالم اسلام کیلئے ایک مقدس مہینہ ہے، اس دوران ہمیں اپنے اندر صبر و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے عوام اور علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فسادات کی سازشوں کو ناکام بناد یں۔


خبر کا کوڈ: 815419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815419/واقعہ-کربلا-غیر-متزلزل-ایمان-بہادری-استقامت-جرات-صبر-اور-ایثار-کی-لازوال-مثال-ہے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org