QR CodeQR Code

یوم عاشور، ملک بھر میں مجالس کا سلسلہ جاری، جلوس اپنی منزل کیجانب رواں دواں

10 Sep 2019 15:15

مجلس اور جلوس کے شرکاء کے داخلی راستوں پر پولیس، رینجرز اور عزاداران کی سکیورٹی ٹیمیں شرکاء کو چیک کرکے اندر داخل ہونے کی اجازت دے رہی ہیں، واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں، جبکہ نشتر پارک اور جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سوئپنگ کے بعد کلئیر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب شہر میں 3 دن تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے اور شہر میں اسلحہ لے کر چلنےاور نمائش پر بھی پابندی ہے،


اسلام ٹائمز۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے، حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم عاشور کی مرکزی مجلس کا آغاز نشتر پارک میں ہوگیا ہے، نشتر پارک میں علامہ شہنشاہ نقوی مرکزی مجلس پڑھیں گے، جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، مرکزی جلوس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور جلوس کی گزرگاہ پر سکیورٹی بھی سخت ہے۔

مجلس اور جلوس کے شرکاء کے داخلی راستوں پر پولیس، رینجرز اور عزاداران کی سکیورٹی ٹیمیں شرکاء کو چیک کرکے اندر داخل ہونے کی اجازت دے رہی ہیں، واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں، جبکہ نشتر پارک اور جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سوئپنگ کے بعد کلئیر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب شہر میں 3 دن تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے اور شہر میں اسلحہ لے کر چلنےاور نمائش پر بھی پابندی ہے، جلوس اور مجالس کے اوقات میں مقررہ راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری مرکزی اور دیگر آنے والے جلوسوں کی سکیورٹی پر تعینات ہے، جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ لاہورمیں دسویں محرم الحرم کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہو گیا ہے اور اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آج شام امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ نثار حویلی سے برآمد ہونے والا محرم الحرام کا مرکزی جلوس موتی بازار، رنگ محل، سنہری مسجد، حکیماں والا بازار اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔
 

یومِ عاشور، ملک بھر میں جلوس و مجالیس کا سلسلہ جاری
جلوس کی سکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے ملحقہ راستے خاردار تاریں اور قناتیں لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں۔ شرکاء کو سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہونے دیا جارہا ہے۔ راولپنڈی میں دسویں محرم کے مرکزی جلوس ساڑھے 10 بجے امام بارگاہ عاشق حسین، امام بارگاہ کرنل مقبول اور ٹائروں والے امام بارگاہ سے برآمد ہوں گے، جلوسوں کے روٹ پر سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ امام بارگاہ عاشق حسین، امام بارگاہ کرنل مقبول اور ٹائروں والے امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے جلوس مقررہ راستے سے ہوتے ہوئے بوہڑ بازار چوک پہنچیں گے، درگاہ حسین سیٹلائٹ ٹاؤن اور امام بارگاہ بلتستانیہ سے نکلنے والے جلوس بنی چوک سے ہوتے ہوئے بوہڑ بازار جائیں گے، بوہڑ بازار چوک میں تمام جلوس فوارہ چوک پہنچیں گے، تو مجلس عزاء اور نماز ظہرین ادا کی جائے گی، فوارہ چوک سے تعزیہ، علم، گہوارہ علی اصغر کے جلوس پرانا قلعہ سے ہوتا ہوا جامع مسجد روڈ پہنچیں گے۔ جامع مسجد روڈ پر نماز مغربین ادا کی جائے گی اور پھر جلوس رات گئے امام بارگاہ قدیمی پہنچے گا، امام بارگاہ قدیمی میں عزاداران کو سبیل کرائی جائے گی اور جلوس اختتام پذیر ہوں گے۔ راولپنڈی کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر سیل کیا گیا ہے۔

دس محرم الحرام کے موقع پر سرگودھا کے قبرستانوں میں شہریوں کی بڑی تعداد فاتحہ خوانی کے لئے آرہے ہیں۔ اس موقع پر پھول فروش بھی قبرستانوں کے باہر موجود ہیں۔ کوئٹہ میں عاشورہ کاعلم ،تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوگیا ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ کوئٹہ میں عاشورہ کا جلوس علمدار روڈ پر رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا و دیگر شیعہ اکابرین کررہے ہیں، جلوس کی سکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جلوس کے روٹ اور ملحقہ راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کے روٹ پر دکانیں اور کاروباری مراکز سیل ہیں۔ جلوس کے روٹ اور مختلف مقامات پر پولیس اور ایف سی کے7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی سکیورٹی کےحوالے سے فضائی نگرانی بھی جاری ہے اور جلوس کے روٹ پر 120 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، جنہیں آئی جی پولیس کے دفتر میں قائم سیل سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ جلوس شام تقریباً 6 بجے علمدار روڈ پر ہی اختتام پذیر ہوگا، اس دوران جلوس کے شرکاء باچا خان چوک پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔ گوجرانوالہ میں شہری یوم عاشورہ کے موقع پر قبرستان میں جا کر اپنے پیاروں کی قبروں پر دعائے مغفرت کر رہے ہیں، پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور کے ماتمی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔

ضلع بدین میں آج 118 ماتمی جلوس نکالے جائینگے، جبکہ امن و امان کے قیام کے لئے2 ہزار 295 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ راجن پور میں یوم عاشورہ پر ضلع بھر میں 51 جلوس برآمد جبکہ 27 جلوسوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ سکھر میں یوم عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، 44 میں سے 3 بڑے جلوس انتہائی حساس، 4 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس انجمن حیدری کے زیراہتمام امام بارگاہ قدم گاہ مولا علیؓ سے برآمد ہو گا، جس کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملتان شہر میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس صبح امام بارگاہ حرا حیدری سے برآمد ہو چکا ہے۔ پشاور میں آج یوم عاشورہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر میں یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا شبہیہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی چڑویکوبان سے صبح 11 بجے برآمد ہوگا۔ پشاور میں جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے نماز مغرب سے پہلے اپنی اپنی امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے، یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ پشاور میں جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، جبکہ اندرون شہر جانے والے راستے سیل کر دیئے گئے ہیں اور جلوس کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ قصور شہر میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سادات سے صبح 10 بجے برآمد ہو گا، 2 ہزار کے قریب سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، جبکہ مرکزی جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا ہے، ڈرون اور سی سی ٹی کیمروں سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 815452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815452/یوم-عاشور-ملک-بھر-میں-مجالس-کا-سلسلہ-جاری-جلوس-اپنی-منزل-کیجانب-رواں-دواں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org