0
Tuesday 10 Sep 2019 19:30

لاہور، یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر

لاہور، یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ عزاداران نوحہ خوانی اور ماتم کر کے حضرت امام حسینؑ اور آپؑ کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔ شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس رات ساڑھے 10 بجے اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوا، برآمدگی سے قبل سوزوسلام پڑھا گیا، بیلا برادران، قمر عباس، شفقت امانت علی خان اور دیگر نے سوزوسلام پیش کیا جس کے بعد ذاکر سید معزین کاظمی نے مجلس عزاء سے خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر امجد علی عابدی نے مصائب اہلبیتؑ بیان کیے اور شہادت سنائی جس کے بعد شبیہ ذوالجناح برآمد ہوئی۔ ذاکرین امام حسین علیہ السلام اور دیگر شہدائے کربلا پر ڈھائے جانیوالے مظالم اور مصائب بیان کرتے رہے۔ عزاداروں نے غم حسینؑ میں گریہ زاری کی، ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہر طرف یاحسینؑ یاحسینؑ کی صدائیں بلند ہو رہی تھیں۔

جلوس نثار حویلی، مبارک حویلی، چوک نواب صاحب، لال کھوہ، چوہٹہ مفتی باقر، کشمیری بازار سے ہوتا ہوا رنگ محل چوک پہنچا جہاں عزاداران نے نماز ظہرین ادا کی۔ رنگ محل چوک میں نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس پھر اپنی منزل کی جانب گامزن ہوا اور قدیمی راستوں گمٹی بازار، پانی والا  تالاب اور دو سو سے زائد چھوٹی بڑی امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب کے وقت اندرون بھاٹی گیٹ پہنچا جہاں نماز مغربین ادا کی گئی جس کے بعد جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، سارے راستے عزادار گریہ زاری، نوحہ خوانی کرتے رہے۔ کربلا گامے شاہ میں مرکزی جلوس کے اختتام پر مجلس شام غریباں برپا کی  گئی، مجلس شام غریباں سے علامہ کرامت عباس حیدری نے خطاب کیا۔ جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی تھیں جہاں عزاداروں کو پانی، چائے اور دیگر مشروبات پیش کیے جا رہے تھے جبکہ نذرونیاز کا اہتمام بھی کیا جا رہا تھا، یوم عاشور پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون اور میٹرو بس سروس بند کردی گئی تھی جبکہ سپیڈو بسیں بھی مرکزی جلوس کے روٹس پر نہیں چلائی جا رہی تھی۔ ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، سیف سیٹز اتھارٹی اور پیرو فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ دو کنٹرول رومز بھی بنائے گئے ہیں جہاں جلوس کے تمام راستوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جارہا تھا۔

دوسری جانب پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہونیوالا تعزیے کا جلوس، نبی پورہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے شبیہ ذوالجناح کے برآمد ہونیوالے جلوس بھی اختتام پذیر ہو گئے۔ علی رضا آباد، جعفریہ کالونی، امامیہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بھی برآمد ہونیوالے تمام جلوس اختتام پذیر ہوگئے جبکہ ایبٹ روڈ پر امام بارگاہ گلستان زہرا میں بھی مجلس عزاء ہوئی جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جبکہ مجلس کے اختتام پر خاک شفاء کی تسبیح کی زیارت بھی کروائی گئی۔ امام  بارگاہ امامیہ کالونی میں علامہ کمال حیدر رضوی نے مجلس شام غریباں سے خطاب کیا۔ علی رضا آباد میں امام بارگاہ سید شبیر حسین شاہ سے جلوس شبیہ ذوالجناح برآمد ہوا۔
خبر کا کوڈ : 815475
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش