0
Tuesday 10 Sep 2019 20:13

پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری برطانوی دارالامراء کے رکن منتخب

پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری برطانوی دارالامراء کے رکن منتخب
اسلام ٹائمز۔ ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری کو دار الامراء (ہاؤس آف لارڈ) کا رکن منتخب کر لیا۔ ضمیر چوہدری کا نام سابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب مستعفی ہوتے وقت تجویز کیا گیا تھا، جس کی منظوری ملکہ برطانیہ نے دی۔ پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین ضمیر چوہدری بیسٹ وے گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیں اور موسٹ ایکسلینٹ آرڈر آف دا برٹش ایمپائر اعزاز حاصل کرنے والے مشہور پاکستانی نژاد برطانوی تاجر اور چیئرمین بیسٹ وے گروپ سر انور پرویز کے قریبی عزیز ہیں۔ خیال رہے کہ سر انور پرویز کا شمار برطانیہ میں مقیم ایشیائی کمیونٹی کے امیر ترین اور بااثر افراد میں ہوتا ہے۔

ضمیر چوہدری 1958ء میں راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں پیدا ہوئے اور 12 سال کی عمر میں برطانیہ والد کے پاس گئے، جہاں انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستانی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ضمیر چوہدری نے کہا ہے دارلامراء کا رکن منتخب ہونا ان کیلئے انتہائی اعزاز کی بات ہے اور وہ انتہائی مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو انہوں نے ہمیشہ مواقعوں کی سرزمین سمجھا ہے اور وہ اس ملک کی ترقی میں مزید اپنا حصہ ڈالیں گے۔ بیسٹ وے گروپ ضمیر چوہدری کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا برطانیہ کا ایک بڑا گروپ بنا اور انہی خدمات کے باعث انہیں 2018ء میں صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا۔ ضمیر چوہدری چند دنوں بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 815492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب