0
Tuesday 10 Sep 2019 21:03

پشاور، یوم عاشورہ کے جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر

پشاور، یوم عاشورہ کے جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ ملک کے دیگر شہریوں کی طرح پشاور میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔ جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے سخت سکیورٹی میں برآمد ہوا، جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعہ کلیئر کرایا گیا۔ جلوس میں شامل عزاداروں نے زنجیر زنی، نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کی۔ ذوالجناح کا ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ آغا مصطفٰی شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ یوم عاشور کا دوسرا جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا سے دوپہر 1 بجے برآمد ہوا۔ دیگر جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری، امام بارگاہ خانصاب حاجی ملک رحمٰن، امام بارگاہ پورا ولی بادشاہ، امام بارگاہ سائیں سہراب گلبہار، امام بارگاہ حسینیہ، امام بارگاہ مرزا قاسم اصفہانی، امام بارگاہ حسین آباد، امام بارگاہ سید میر حیدر شاہ اور امام بارگاہ میر فضل علی شاہ رضوی المعروف مصطفٰی شاہ سے برآمد ہوئے۔

اسی طرح پشاور میں روز عاشور کے سلسلے کے چھوٹے بڑے کُل 12 جلوس مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہوئے۔ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے تھے، اندرون شہر کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تھا، جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے تھے۔ پشاور شہر سمیت حساس ترین اضلاع میں موبائل سروس معطل رہی، جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کو سخت چیکنگ کے بعد اندرون شہر داخل ہونے کی اجازت دی گئی، جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں کو بی ڈی یو اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے کلیئر کیا گیا۔ پشاور میں جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 815500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش