QR CodeQR Code

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر

10 Sep 2019 23:12

عزاداران امام حسینؑ نے تبت سینٹر کے سامنے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مولانا مولانا حافظ حیدر نقوی کی اقتداء میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں يوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پر اختتام پذير ہوگیا، جس کے بعد شہر بھر میں مجالس شامِ غربیاں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس نے کی، مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے، مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک تھے۔

دوران جلوس باجماعت نماز ظہرین امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام تبت سینٹر کے سامنے مولانا حافظ حیدر نقوی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا، جہاں مجلس شام غریباں منعقد کی گئی۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی گئی۔ اس موقع پر چھ ہزار پوليس اور ساڑھے تين ہزار سے زائد رينجرز اہلکار جلوس کی سيکورٹی پر تعينات تھے، جبکہ ہيلی کاپٹر کے ذريعے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 815508

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815508/کراچی-میں-یوم-عاشور-کا-مرکزی-جلوس-حسینیہ-ایرانیان-کھارادر-پر-اختتام-پذیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org