0
Wednesday 11 Sep 2019 00:51

ملک بھر میں عاشورہ کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے

ملک بھر میں عاشورہ کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ یوم عاشور کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے، مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہوئے، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہی۔

ملک بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہے۔ وفاق کی جانب سے مہیا کئے گئے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ راولپنڈی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، فوارہ چوک پر نماز ظہرین ادا کی گئی۔ اس موقع پر مسنگ پرسنز کیلئے احتجاج بھی کیا گیا۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوا۔ لاہور میں شبیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس تاریخی نثار حویلی سے رات کو برآمد ہوا، جو اپنے مخصوص راستوں سے گزرتا ہوا کربلاگامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد مجلس شام غریباں منعقد ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 815518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش