0
Wednesday 11 Sep 2019 19:43

کربلائے کشمیر کو فتح کرنے کیلئے حسینی جذبے کی ضرورت ہے، اشرف جلالی

کربلائے کشمیر کو فتح کرنے کیلئے حسینی جذبے کی ضرورت ہے، اشرف جلالی
اسلام ٹائمز۔ تحریک صراط مستقیم  کے زیر اہتمام پریس کلب میں ”سیرتِ سیدنا امام حسین ؑکی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل“ کے موضوع پرپریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے دیگر قائدین علامہ محمد عبدالرشید اویسی، پیر مقدس امیر بادشاہ، علامہ محمد اشفاق صابری، مفتی مختار احمد رضوی سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلائے کشمیر کو فتح کرنے کیلئے حسینی جذبے کی ضرورت ہے۔ نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسینؑ نے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کو اپنے حقوق کی خاطر سر اٹھانے کا حوصلہ دیا۔ اسلامی تاریخ کی 14 صدیاں گواہ ہیں بڑے سے بڑا ظالم مٹ جاتا ہے، مگر حسینی قافلہ منزل ِ مراد تک پہنچ کر ہی رہتا ہے، کشمیری مسلمان حسینی مشن کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں، مستقبل کے بھارت کے نقشے میں مودی ٹولے کی کوئی گنجائش نہیں اور کشمیری مجاہدین ان شاء اللہ سرخرو ہونگے۔ 370 آرٹیکل کا خاتمہ مودی کے گلے میں کانٹوں کا ہار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 37 دن سے ظلم و ستم اور لاک ڈاؤن کے پھندے میں گرفتار بہت بڑی آزمائش میں ہیں مگر ان سے بڑی آزمائش پاکستان اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی ہے، جن سے قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے دربار میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد نہ کرنے پر شدید مؤاخذہ ہوگا، افسوس کہ مودی نے یک طرفہ جموں و کشمیر کا بھارت کیساتھ الحاق کر لیا ہے اور وہاں قتل عام کیا جا رہا ہے مگر ہمارے حکمران اس انتہائی ظلم کو جارحیت سمجھ ہی نہیں رہے اور روزانہ بیان داغ رہے ہیں کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔ ان بیانات سے تو یہ تاثر پختہ ہو رہا ہے کہ شاید مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنا لینا اور وہاں قتل عام کرنا اس کو تو ہم نے بھارت کا حق تسلیم کر لیا گیا ہے لیکن اگر آزاد کشمیر پر حملہ کرے گا تو پھر جارحیت ہو گی اور اسکا جواب دیا جائے گا۔ اس تاثر کو فوری طور پر ختم کرنا ضروری ہے۔ 37 دنوں سے لاک ڈاؤن میں گھرے کشمیریوں کے بارے میں عالمی ضمیر مردہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کشمیر کو مقتل بنانے والے بھارت کیخلاف اقتصادی پابندیاں نہ لگانا اقوام متحدہ کی بہت بڑی ناانصافی ہے کشمیریوں کو صرف اور صرف مسلمان ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، بے بس کشمیری 37 دن کے لاک ڈاؤن میں ہر گھڑی اسلام آباد کے راستے سے کسی محمد بن قاسم کے پہنچنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ایل او سی پر بھاری اشتعال انگیزیوں اور گولہ باری پر ڈپٹی ہائی کمشنر کی جواب طلبی محض ایک مذاق سے زیادہ کچھ نہیں سویلین آبادیوں کو بھارت کی طرف سے مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے فوجی جوانوں اور شہریوں کے مزید جنازے اٹھنے کے بعد ہم اپنے خون کا بدلہ لیں گے، قرآنی نقطہ نظر سے پاکستان کے مسلمانوں پر جہاد فرض ہو چکا ہے جس کے تفصیلی دلائل ہم اپنے فتویٰ میں شائع کر چکے ہیں۔ پاکستان کے اہلسنت و جماعت فریضہ جہاد کی ادائیگی پاک فوج کی قیادت میں کرنا چاہتے ہیں ہمارا حکومت پاکستان سے پُرزور مطالبہ ہے مظلوم کشمیریوں کی نجات کیلئے اور غزوہ ہند کا مرحلہ طے کرنے کیلئے افواجِ پاکستان کو سری نگر کا رُخ کرنے کی اجازت دے ہم اپنی افواج کیساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 815654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش