0
Wednesday 11 Sep 2019 20:39

قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار پر حاضری، فاتحہ خوانی

قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار پر حاضری، فاتحہ خوانی
اسلام ٹائمز۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کی آمد پر پاک بحریہ کے دستوں نے بینڈ بجا کر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء جام اکرام اللہ، سعید غنی، شبیر بجارانی، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 71ویں برسی ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی، قائداعظم کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر موجود مہمانوں کی تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ر ہے گا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں، 18ویں ترمیم کو چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر قائم کمیٹی 10 سے 12 دن میں رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش ہوگی تو مسائل میں کمی آئے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان قائداعظم کی مدبرانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے، پاکستان کو پرامن بنانے کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، کشمیر کے مسئلے پر ہماری پوری قوم اکھٹی ہے اور رہے گی،مسئلہ کشمیر کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کشمیر پر بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، کشمیر میں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھ سے وفاق نے کراچی کے مسائل پر کوئی رابطہ نہیں کیا، میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ دوسری جانب تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
خبر کا کوڈ : 815663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش