0
Wednesday 11 Sep 2019 21:06

کراچی کے 3 کروڑ شہری مشکل میں ہیں، کوئی پرسان حال نہیں، وسیم اختر

کراچی کے 3 کروڑ شہری مشکل میں ہیں، کوئی پرسان حال نہیں، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کراچی کو میٹنگ اورکمیٹیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، کراچی کے تین کروڑ شہری مشکل میں ہیں، کوئی پرسان حال نہیں، مسائل فوری حل طلب ہیں، وزیراعظم صاحب کراچی آئیں اور فنڈز دیں۔ میئر کراچی وسیم اختر قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی نے کہا کہ ہم سب کو قائداعظم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہیئے، کراچی کے 3 کروڑ شہری مشکل میں ہیں، 6 ماہ سے کوشش ہے وفاق آگے بڑھے اور کراچی کے مسائل حل کرے۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کو میٹنگ اور کمیٹیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، کراچی کے مسائل پر کسی جانب سے سنجیدگی نظر نہیں آرہی، مسائل فوری حل طلب ہیں، وفاق کس بات کا انتظارکررہی ہے، بیماریاں پھیل رہی ہیں، کراچی کو خصوصی فنڈز درکار ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ وفاق سمجھ لے کراچی کوآج گرانٹ ملی تو نتیجہ ایک سال بعد ملے گا، عوام پریشان ہیں، کراچی ٹیکس دیتا ہے اسے حق دیا جائے، وزیراعظم صاحب کراچی آئیں اور فنڈز دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص مشورے دیتا ہے کراچی کو فنڈز کوئی نہیں دیتا، ہم کام کرنے کیلئے تیار ہیں مگر وسائل نہیں ہیں۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری کو 7 سال مکمل ہونے پر وسیم اختر نے کہا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے، عدالت میں زیر سماعت کیس پر کوئی بیان نہیں دے سکتا۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کمیٹی منتخب اراکین پر مشتمل ہو اور فوری فنڈز جاری کئے جائیں، 3 سال سے آواز اٹھا رہے ہیں کہ بلدیہ کے محکمے واپس کئے جائیں، سندھ حکومت نے نہیں سنی تو وفاق کا دروازہ کھٹکھٹایا مگر کچھ نہ ملا، چند آرٹیکلز کے تحت وفاق عوامی بھلائی کیلئے مداخلت کر سکتا ہے، کراچی اور حیدرآباد کے عوام منتظر ہیں کہ وزیراعظم وعدہ پورا کریں۔
خبر کا کوڈ : 815674
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب