0
Wednesday 11 Sep 2019 21:19

قائداعظم کے حقیقی پاکستان کی تکمیل ہی ساری مشکلات سے نجات کا واحد ذریعہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

قائداعظم کے حقیقی پاکستان کی تکمیل ہی ساری مشکلات سے نجات کا واحد ذریعہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے حقیقی پاکستان کی تکمیل ہی ساری مشکلات سے نجات کا واحد ذریعہ ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کے قیام کے لئے ایک طویل جدوجہد کی، ہم بھی اسی پاکستان کا قیام چاہتے ہیں، ایسا پاکستان جہاں قانون کی بالادستی ہو، جو تعصب، انتہاء پسندی، تکفیریت، کرپشن، اقرباء پروری اور ظلم سے پاک ہو۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 71ویں یوم وفات پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے پر بصیرت افکار اور دانشمندانہ فرمودات پر اگر آج عمل کیا جاتا تو ملک اس طرح کے ان گنت بحرانوں میں نہ جکڑا ہوتا، ہر طرح کی بیرونی مداخلت سے آزاد خود مختار ریاست قائداعظم کا خواب تھا، جہاں مسلمانوں کو اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادانہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں، جہاں اقلیتوں کو ہر طرح کا تحفظ ملے، گذشتہ تین عشروں سے جاری دہشت گردی کے واقعات کے ذریعے قائد کے نظریاتی و فکری پاکستان کو تباہ کرنے کی کوششیں کی گئی لیکن دشمن کامیاب نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے قائداعظم کے فرمودات اور اقبال کی خودی کو پس پشت ڈال کر مغربی قوتوں پر انحصار شروع کر دیا، اسی کے سبب استعماری طاقتوں نے ہمیں دہشتگردی اور انتہاء پسندی کی دلدل میں دھکیل کر رکھ دیا، ملک کو آئی ایم ایف کے شکنجوں میں جھکڑ کر ہم سے آزاد خارجہ پالیسی کے حق تک کو سلب کر لیا گیا، وطن عزیز کی سربلندی کا واحد حل قائد کے رہنما اصولوں کی پاسداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایک مخلص اور قوم کا حقیقی درد رکھنے والے رہنما تھے، برصغیر کے مسلمانوں کی علیحدہ ریاست کے لئے انہوں نے ایک طویل جنگ لڑی اور اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن حاصل کیا اور ہمیں اس کی حفاظت کرنے کے لئے اسی درد اور اخلاص کے ساتھ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 815680
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے