QR CodeQR Code

بیجنگ افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے ہر اقدام کی حمایت کریگا، چینی سفیر

11 Sep 2019 21:55

جامعہ پشاور میں 2 روزہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بی آر ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین انفراسٹرکچر اور توانائی کے بعد پاکستان کے ساتھ صنعتی اور تجارتی تعلقات بھی بڑھانے کا خواہش مند ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے امریکا افغان طالبان مذاکرات کے بے نتیجہ اور اچانک اختتام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین افغانستان کے امن عمل کی کامیابی کے لیے ہر اقدام کی حمایت کرے گا، جامعہ پشاور میں 2 روزہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بی آر ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ چین انفراسٹرکچر اور توانائی کے بعد پاکستان کے ساتھ صنعتی اور تجارتی تعلقات بھی بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر یاؤ زنگ نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد طور خم بارڈر کو 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا بھی خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین طور خم سرحد پر کولڈ اسٹوریج، ہسپتال اور کسٹم کی سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس کے علاوہ چینی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پشاور اور کراچی کو ملانے والی موٹروے کی جلد تکمیل چین کی دیرینہ خواہش ہے، اپنے خطاب میں چینی سفیر نے بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس ضمن میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ کشمیر پر بین الاقوامی معاہدے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں لاگو ہوتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 815687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815687/بیجنگ-افغان-امن-عمل-کی-کامیابی-کیلئے-ہر-اقدام-حمایت-کریگا-چینی-سفیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org