0
Thursday 12 Sep 2019 08:06
کشمیرکا اصل حل استصواب رائے ہے

بھارتیوں کے مظالم کیخلاف پوری قوم کا یکجا و متحد ہونا خوش آئند ہے، مولانا سراج الحق

بھارتیوں کے مظالم کیخلاف پوری قوم کا یکجا و متحد ہونا خوش آئند ہے، مولانا سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان اور کشمیریوں کے حقوق کے حصول، بدعنوانی، ظلم و جبر کے خلاف عوامی مارچ جماعت اسلامی کا دینی اخلاقی فریضہ ہے جو ادا کر رہی ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل دیانت دار قیادت و حکومت ہے۔ بدقسمتی سے پورے ملک میں کئی دہائیوں سے لوٹ مار جاری مگر احتساب، جزا و سزا کا کوئی سسٹم نہیں۔ وسائل سے مالامال بلوچستان کے اہل و پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار، منتخب نمائندے عوامی مسائل حل کرنے سے نالاں ہیں، سی پیک سمیت ہر حوالے سے بلوچستان کو ان کے جائز حقوق دینے ہوں گے۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ نااہل حکومتوں کا تسلسل ہے۔ عوام کی امیدیں مایوسی میں بدل رہی ہیں۔ کوئٹہ عوامی مارچ عوام کو مایوسی سے نکال کر امید دلائیگی۔ صوبے کے نوجوانوں، علمائے کرام سمیت ہر طبقہ فکر کو عوامی مارچ میں شرکت کی دعوت دی جائے،۔ کشمیری عوام کے حقوق کے حصول کیلئے حکومت پاکستان کو سنجیدہ عملی اقدامات اُٹھانے چاہیئیں تاکہ کشمیریوں کو محسوس ہوکہ حکومت پاکستان ہماری ہمدرد اور ہمارے ساتھ کھڑی ہے، حکومت پاکستان اقدام متحدہ پر دباؤ ڈالنے کی پالیسی اپنائے، سکیورٹی کونسل کو آمادہ کرے کہ کشمیرکا اصل حل استصواب رائے ہے۔ اس کیلئے اخلاص سے بڑے پیمانے پر سفارتی کوششیں کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے عوامی مارچ کی اب تک کی تیاریوں کے حوالے سے سنیٹر سراج الحق سے کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ یہ عوامی مارچ صوبے کی تاریخ میں اہم و کامیاب عوامی مارچ ثابت ہوگا۔ عوامی مارچ میں شرکت کیلئے بہترین منصوبہ بندی کی ہے، صوبائی دارالحکومت سے سینکڑوں لوگ جماعت اسلامی کے عوامی مارچ میں شرکت کریں گے۔ کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں تیاریوں و شرکت کرنے و کام کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کے تحت اہداف دیئے ہیں۔ سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ کوئٹہ عوامی مارچ بلوچستان و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، بھارتیوں کے مظالم کے خلاف پوری قوم کا یکجا و متحد ہونا خوش آئند ہے، ہم متحد ہوں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا جماعت اسلامی کشمیریوں کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ و آزادی کیلئے پورے ملک میں سرگرم عمل ہے، بلوچستان کے عوام پر مظالم، حقوق نہ دینے، لاپتہ افراد، سی پیک میں مناسب حصہ نہ دینے سمیت دیگر سلگتے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی نے ہر فورم پر آواز اُٹھائی ہے۔ انشاءاللہ ہم ہر فورم پر ہر ظلم کے خلاف جدوجہد کریں گے، اور بلوچستان کو ان کے معاشی آئینی حقوق دلائیں گے۔ لاپتہ افراد کو بازیاب، مہنگائی کو کنٹرول اور تعلیم و صحت کے مسائل کو اجاگر اور حل کی راہ متعین کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہیگی، عوام 15ستمبر عوامی مارچ میں بھرپور شرکت کرکے حق و سچ کی تحریک میں ساتھ دیکر اپنے حقوق کی راہ متعین کریں تاکہ ظلم و جبر کا خاتمہ اور اسلامی فلاحی حکومت کی راہ ہموار ہو جائے۔
خبر کا کوڈ : 815702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش