QR CodeQR Code

کراچی پر وفاق کے کنٹرول کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرینگے، فروغ نسیم

12 Sep 2019 10:06

وفاقی وزیر قانون نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کراچی سمیت پورے سندھ کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ فروغ نسیم نے کہا کہ آرٹیکل 149 (4) کے تحت وفاق کی جانب سے کراچی کو کنٹرول کرنے کے لیے سندھ حکومت سے درخواست کریں گے اگر سندھ حکومت نہیں مانتی تو پھر سپر یم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کراچی پر وفاق کے کنٹرول کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ کراچی کی خراب صورت حال پر وفاقی حکومت حرکت میں آگئی، شہر کو کنٹرول کر نے کے لیے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بنائی جا نے والی اسٹرٹیجک کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کراچی سمیت پورے سندھ کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ فروغ نسیم نے کہا کہ آرٹیکل 149 (4) کے تحت وفاق کی جانب سے کراچی کو کنٹرول کرنے کے لیے سندھ حکومت سے درخواست کریں گے اگر سندھ حکومت نہیں مانتی تو پھر سپر یم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا، کراچی کو بہتر کرنے کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے، اب کراچی کے حوالے سے مداخلت کرنا ضروری ہوگیا ہے، قانونی طور پر ایک مسودہ تیار کر رہے ہیں جو ہفتے کو وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے کیونکہ کراچی میں کچرا اٹھ رہا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ اور نہ ہی انفرااسٹرکچرمو جود ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ 11 سال میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی، لاڑکانہ، کنڈیارو سمیت تمام شہروں دیہات کو تباہ و برباد کردیا ہے اب ضروری ہوگیا ہے کہ وفاق اس میں مداخلت کرے ہم تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے، وزیر اعظم کو کراچی کے حالات پر تشویش ہے اس لیے انہوں نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں فیصلے کے مطابق کراچی کے حالات بہتر کر نے کے لیے ایک اسٹرٹیجک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا مجھ کو سربراہ بنایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہفتے کو کر اچی کا دورہ کریں گے اس سلسلے ایک ڈرافٹ تیار کیا جا رہا ہے جو وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا جس میں آرٹیکل 149(4) کے تحت سندھ حکومت سے درخواست کی جائے گی کہ شہر کے حالات خراب ہیں اور ہم اس کا کنٹرول چاہتے ہیں یہ مسودہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد پیش کیا جائے گا اگر سندھ حکومت ایسا کرنے نہیں دیتی تو پھر آرٹیکل 141 کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

دوسری جانب گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کے بیان پر حیرت ہوئی ہے، فروغ نسیم کو بہت سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے تھی، جب پاکستان وجود میں آیا تو اس وقت کراچی دارالحکومت تھا بھارت سے ہجرت کرکے آنے والوں کی اکثریت نے کراچی میں قیام کو ترجیح دی، کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے، فروغ نسیم کو چاہیے کہ وہ دارالحکومت کراچی واپس لانے کا مطالبہ کریں، کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات درست نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 815715

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815715/کراچی-پر-وفاق-کے-کنٹرول-کیلئے-سپریم-کورٹ-سے-رجوع-کرینگے-فروغ-نسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org