QR CodeQR Code

سندھ حکومت کی 15 ہزار سرکاری گاڑیاں اصل نمبر پلیٹس کے بغیر چلنے کا انکشاف

12 Sep 2019 10:52

اصل نمبر پلیٹس کے بغیر غیر قانونی نمبر پلیٹس لگانا خلاف قانون ہے، تاہم محکمہ ایکسائز سندھ صوبائی وفاقی محکموں اور پولیس کی سرکاری گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹس وصول نہ کرنے پر کوئی اقدام کرنے سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی و صوبائی اداروں میں اندھیر نگری چوپٹ راج، محکمہ ایکسائز کی نااہلی یا متعلقہ سرکاری محکموں کی سست روی وفاقی و صوبائی محکموں کی 15 ہزار سے زائد گاڑیاں اصل نمبر پلیٹس کے بجائے عارضی نمبر پلیٹس پر چلائی جانے لگیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت کی مجموعی طور پر 15 ہزار سے زائد سرکاری گاڑیاں اصل نمبر پلیٹس کے بغیر استعمال کی جا رہی ہیں۔ سرکاری محکموں نے گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹس محکمہ ایکسائز سے وصول ہی نہیں کیں، نمبر پلیٹس وصول نہ کرنے میں محکمہ پولیس سرفہرست ہے۔ محکمہ پولیس کی 8 ہزار گاڑیاں ایسی ہیں، جو اصل نمبر پلیٹس کے بغیر عارضی نمبر پلیٹس پر چلائی جا رہی ہیں، جو صوبے کے مختلف اضلاع میں پولیس افسران اور تھانوں میں زیر استعمال ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے اعدادوشمار کے مطابق سندھ حکومت کے مختلف محکموں، خودمختار کار پوریشنز اور اداروں کی گاڑیاں جو پچھلے 4 برسوں کے دوران خریدی گئیں تھیں، ان گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹس محکمہ ایکسائز سے وصول نہیں کی گئیں۔

محکمہ ایکسائز کے اعدادوشمار کے مطابق صوبائی اور وفاقی اداروں کی سرکاری گاڑیاں 2015ء سے 2018ء کے درمیان محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ ہوئیں، مگر ان میں سے 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹس تاحال محکمے سے وصول ہی نہیں کی گئیں۔ سندھ کے وزیر ایکسائیز مکیش کمار چاؤلہ اسمبلی میں برملا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ سرکاری ادارے اور سول افراد اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ محکمے سے وصول کرلیں، تاہم ان کی اس بات کا بھی اثر نہیں لیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے مختلف ادوار میں خریدی گئی اور محکمہ ایکسائز کے پاس رجسٹرڈ 8 ہزار گاڑیاں جن میں پولیس افسران کے زیر استعمال گاڑیاں اور پولیس موبائلز شامل ہیں، وہ بھی بغیر اوریجنل نمبر پلیٹس کے زیر استعمال ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کے مطابق سندھ پولیس کی رجسٹرڈ گاڑیوں میں ایس پی ایچ، ایس پی جی، ایس پی ایف، ایس پی ای، ایس پی ڈی، ایس پی سی، ایس پی بی، ایس پی اے سیریز کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تاحال محکمہ ایکسائز سے وصول نہیں کی گئی ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی، وزارت ریلوے، وزارت ٹیکسٹائل، ایوی ایشن ڈویڑن کی گاڑیاں بھی محکمہ ایکسائز کی اصل نمبر پلیٹس کے بغیر چلائی جا رہی ہیں، سندھ کے مختلف محکموں تعلیم، کالج ایجوکیشن، بلدیات، ثقافت، صحت، بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام، اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ، قانون، محنت، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر شامل ہیں، اصل نمبر پلیٹس کے بغیر چلائی جانیوالی سرکاری گاڑیاں سینئر بیوروکریٹس اور دیگر حکام کے زیر استعمال ہیں۔ صوبائی ووفاقی محکموں کے نام پر رجسٹرڈ سرکاری گاڑیوں میں جی ایس ایف، جی ایس ای، جی ایس ڈی، جی ایس سی، جی ایس بی، جی ایس اے، جی پی اے سیریز کے نمبرز شامل ہیں۔

وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کے مطابق محکمہ ایکسائیز کے پاس  70 ہزار سے زائد نمبر پلیٹس ایسی موجود ہیں، جن کے مالکان یا اداروں نے وصولی کیلئے محکمے سے رجوع نہیں کیا ہے۔ وزیر ایکسائز کے مطابق گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے اصل نمبر پلیٹس کے بغیر غیر قانونی نمبر پلیٹس لگانا خلاف قانون ہے، تاہم محکمہ ایکسائز سندھ صوبائی وفاقی محکموں اور پولیس کی سرکاری گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹس وصول نہ کرنے پر کوئی اقدام کرنے سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 815720

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815720/سندھ-حکومت-کی-15-ہزار-سرکاری-گاڑیاں-اصل-نمبر-پلیٹس-کے-بغیر-چلنے-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org