0
Thursday 12 Sep 2019 11:35

مؤثر انتظامی امور کیلئے اے ایس پی ایس ایچ او کے عہدے پر کام کریگا، وزیراعظم سیکریٹریٹ

مؤثر انتظامی امور کیلئے اے ایس پی ایس ایچ او کے عہدے پر کام کریگا، وزیراعظم سیکریٹریٹ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ نے محکمہ پولیس میں اصلاحات متعارف کرنے کی منظوری دے دی، جس کے تحت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) مؤثر انتظامی امور کے لئے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کے عہدے پر کام کرے گا۔
ایک سینئر عہدیدار نے اس اقدام کو غیر معمولی کہتے ہوئے پولیس حراست میں تشدد اور ہلاکت کے واقعات سامنے آنے کی وجہ سے تحریک انصاف حکومت پر ہونے والی تنقید کا نتیجہ قرار دیا۔ اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے متعلقہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں اے ایس پیز (گریڈ 17 افسران) کو اسلام آباد کے کچھ تھانوں میں تعینات کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب آغاز ہونے کے بعد دیگر صوبوں بالخصوص سب سے زیادہ پولیس اسٹیشن رکھنے والے صوبے پنجاب میں بھی یہ طریقہ کار متعارف کروادیا جائے گا۔ خیال رہے کہ دہائیوں پرانے نظام کے تحت ملک بھر میں انسپکٹر اور سب انسپکٹر کو ایس ایچ او کے عہدے پر تعینات کیا جاتا ہے، جبکہ پنجاب میں زیادہ تر یہ عہدہ گریڈ 14 کے حامل سب انسپکٹروں کے پاس ہے۔

اس ضمن میں عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت چاہتی ہے کہ پولیس اسٹیشنز میں مؤثر انتظامیہ بدعنوانی، اسانی، طاقت کے غلط استعمال، ناقص تفتیش، قانون کے غلط اطلاق جیسے مسائل کو دور کرے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور اسلام آباد پولیس کے سربراہ عامر ذوالفقار کو پولیس اسٹیشنز میں بہتر انتظامیہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ عہدیدار کے مطابق متعلقہ حکام نے اس سلسلے میں ایک اجلاس بھی کیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام آباد پولیس کو اے ایس پیز کی کمی کا سامنا ہے۔ چنانچہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے صوبوں سے مطالبہ کیا ہے کہ کچھ اے ایس پیز اسلام آباد کے حوالے کردیئے جائیں اور اگر ایسا نہ ہوسکا تو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس پولیس (ڈی ایس پیز) کو ایس ایچ او تعینات کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ یہ منصوبہ نیا نہیں بلکہ مشرف دور میں متعارف کروایا گیا تھا، جس کے تحت کراچی اور لاہور میں کچھ پولیس اسٹیشنز میں اے ایس پی تعینات بھی کئے گئے تھے، البتہ مختلف وجوہات کی بنا پر یہ منصوبہ کچھ ماہ بعد ناکام ہوگیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 815738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش