QR CodeQR Code

ظلم کرتے رہے تو کل سندھو دیش بھی بن سکتا ہے اور پختونستان بھی، بلاول بھٹو

12 Sep 2019 16:00

حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی پر غیر آئینی قبضے کی کوشش کی تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی پر غیر آئینی قبضے کی کوشش کی تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان کو آج جمہوریت سے آمریت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جمہوریت کا سفر زوال کی طرف جا رہا ہے، غیر جمہوری قوتوں نے ہم سب پر حملے کیے، ہم سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے، کٹھ پتلی حکومت نے آئین پر حملے کیے، ملک کی معیشت کو کمزور کیا گیا، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے 18ویں ترمیم کی صورت میں آئین کو بحال کیا، لیکن وزیراعظم نے سندھ میں کہا کہ 18ویں ترمیم کے باعث وفاق دیوالیہ ہو رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وفاق کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں، وفاقی حکومت خود اپنا ٹیکس جمع نہیں کرتی، نااہل حکومت کی وجہ سے ہر صوبے کو کم پیسہ مل رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کی گیس پورے پاکستان کو دی جاتی ہے، لیکن سندھ حکومت پر ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں، گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ وہ کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ہم کسی بھی صورت میں سندھ کے خلاف سازش برداشت نہیں کریں گے، آپ کراچی پر قبضے کی بات کرکے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، ہم نے مشکل حالات کا سامنا کرکے وفاق کو بچایا، ہم پاکستان بچانے کیلئے قربانیاں دیتے رہیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ظلم ایک حد تک برداشت ہو سکتا ہے، کل بنگلادیش بنا تھا، اگر ظلم کرتے رہے تو کل سندھو دیش بھی بن سکتا ہے اور پختونستان بھی، یہ لوگ آئین کی خلاف ورزی کرتے جا رہے ہیں، کیا کراچی کو اسلام آباد والے چلائیں گے، اس حکومت کو گھر جانا چاہیے، ایم کیو ایم کے ارکان بھی استعفیٰ دیں، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ غیر آئینی طریقے سے کراچی کو اسلام آباد سے کنٹرول کیا جائے۔

 


خبر کا کوڈ: 815798

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815798/ظلم-کرتے-رہے-کل-سندھو-دیش-بھی-بن-سکتا-ہے-اور-پختونستان-بلاول-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org