QR CodeQR Code

اکتوبر میں حکومت کے خاتمے کیلئے لاکھوں کارکنان اسلام آباد کا رخ کرینگے

کشمیر کی آزادی ریلیوں سے نہیں، متحرک سفارتکاری سے ممکن ہے، عبدالغفور حیدری

12 Sep 2019 17:43

ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امریکہ پرامن طریقے سے افغان تنازع حل کرے، پاکستان، چین اور روس بھی اس معاملے میں کردار ادا کریں اور امریکہ کو دوبارہ امن مذاکرات اور امن معاہدے پر مجبور کریں، ہم افغانستان میں امن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا آغا محمود شاہ، مولانا قمرالدین، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی،حافظ خلیل احمد سارنگزئی، وڈیرہ عبدالخالق زہری، میر نظام الدین لہڑی، حافظ محمد قاسم اور میر عبداللطیف محمد حسنی و دیگر نے جیوا سوراب میں آزادی مارچ اسلام آباد کی تیاریوں کے سلسلے میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حقیقی جمہوریت کی بحالی اور کٹھ پتلی حکومت کے عوام دشمن اقدامات سے عوام کو نجات دلانے کے لئے جمعیت علماء اسلام نے اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریاں تیز کردی ہیں، دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی جمعیت کے قائدین رابطے میں ہیں، تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کے لئے اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم پر عالمی برادری اور امت مسلمہ کی بےحسی قابل افسوس ہے۔

سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کشمیر کی حیثیت کے خاتمے کے اتنے بڑے سانحہ کے بعد بھی پاکستان سے باہر نہیں گئے اور نہ ہی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوائے چین کے کسی ملک کا دورہ کیا ہے۔ حکمرانوں کا یہ رویہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حقیقت ہے کہ کشمیر کی آزادی ریلیوں سے نہیں، متحرک سفارتکاری سے ممکن ہے لیکن افسوس ہے کہ حکومت نے اس پر کوئی خاص تحرک نہیں دکھایا، انہوں نے کہاکہ افغان تنازع کا فوجی حل ممکن نہیں ہے۔ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو افواج گذشتہ اٹھارہ برس سے برسرپیکار ہیں، لیکن انہیں خاطر خواہ نتائج نہیں ملے، امن مذاکرات کی منسوخی سے امریکہ کا مکروہ چہرہ سامنے آیا، امریکہ پرامن طریقے سے افغان تنازع حل کرے، پاکستان، چین اور روس بھی اس معاملے میں کردار ادا کریں اور امریکہ کو دوبارہ امن مذاکرات اور امن معاہدے پر مجبور کریں، ہم افغانستان میں امن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے جمعیت کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آزادی مارچ کے لئے تیاریاں تیز کریں، اکتوبر میں حکومت کے خاتمے کے لئے لاکھوں کارکنان اسلام آباد کا رخ کریں گے، 18 ستمبرکو مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا اور 19ستمبرکو مظفرآباد میں آزادی مارچ ہوگا، جس سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 815832

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815832/کشمیر-کی-آزادی-ریلیوں-سے-نہیں-متحرک-سفارتکاری-ممکن-ہے-عبدالغفور-حیدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org