0
Thursday 12 Sep 2019 19:45

پنجاب حکومت کیجانب سے بے نامی جائیداد کی تحقیقات کا حکم جاری

پنجاب حکومت کیجانب سے بے نامی جائیداد کی تحقیقات کا حکم جاری
اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب کی جانب سے بے نامی جائیداد کے بارے میں تحقیقات کرنے اور ضبط کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے ضلعی انتظامیہ کو بے نامی جائیداد کے خلاف کریک ڈاون کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز بے نامی جائیداد ایکٹ کے تحت جنگی بنیادوں پر کارروائی کا آغاز کریں۔ بے نامی جائیداد کی اطلاع کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں ہیلپ لائن مختص کی جائے اور نشاندہی کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلط معلومات فراہم کرنے والوں کو 6 ماہ سے 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

کمشنر افتخار سہو نے ہدایت کی کہ بے نامی جائیداد ایکٹ کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرسٹیز، والدین، اولاد، بہن بھائی وغیرہ کو قانونی ذرائع سے منتقل منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بے نامی تصور نہیں ہوگی۔ منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کا وہ لین دین جو فرضی نام پر کیا گیا ہو یا جس کا مالک کو پتہ نہ ہو اور وہ انکار کر دے یا جس لین دین میں رقم ادا کرنے والے اصل شخص کی شناخت نہ ہو سکے یا منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کے مالک نے اس کی خرید کے پیسے خود فراہم نہ کئے ہوں، بے نامی ٹرانزیکشن کہلائے گی۔ کمشنر افتخار سہو نے بتایا کہ بے نامی ٹرانزیکشن جرم ہے، 1 سے 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے بے نامی جائیداد کی نشاندہی میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 815855
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش